پنجاب یونیورسٹی کا ایک اور عالمی اعزاز

پیر 25 اکتوبر 2021 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2021ء) پنجاب یونیورسٹی کے سترہ پروفیسر زکوسٹینڈفورڈ یونیورسٹی امریکہ کی طرف سے پروفیسر جان لونیڈس کی جاری کردہ دنیا کے بہترین محققین کی اپ ڈیٹ فہرست میں 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ان میں پنجاب یونیورسٹی شعبہ ریاضی سے پروفیسرڈاکٹر محمد شریف،انفارمیشن مینجمنٹ سے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ریاضی سے پروفیسر ڈاکٹر محمداکرم، سالڈ سٹیٹ فزکس سے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد نسیم، بائیولوجیکل سائنسز سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف شکوری،ریاضی سے ڈاکٹر ذیشان یوسف، ریاضی سے ڈاکٹر محمد ضعیم الحق بھٹی ، ریاضی سے ڈاکٹر نعمان رضا، ریاضی سے ڈاکٹر محمد ریاض، ریاضی سے ڈاکٹر سائرہ ارشد ،کیمسٹری سے ڈاکٹر ظہور ایچ فاروقی، کیمسٹری سے ڈاکٹر روبینہ بیگم، فزیکل سائنسز سے ڈاکٹر محمد رضوان، سالڈ سٹیٹ فزکس سے ڈاکٹر سائرہ ریاض ، اینٹامولوجی سے ڈاکٹر حافظ اظہر علی ، پلانٹ پیتھالوجی سے ڈاکٹر ارشد جاوید اور کمپیوٹر سائنسز سے ڈاکٹر محمد یونس(مرحوم) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی محققین کو اپنے تحقیقی مقالوں ، حوالہ جات ، ایچ انڈیکس اور مشترکہ تحقیق کی بنیا د پر منتخب کیا گیاہے ۔ اس شاندار بین الاقوامی کامیابی پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر نے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے مضامین اور اورآل بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے والے اساتذہ اور محققین کو مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔