Live Updates

ڈالر کی قیمت میں اضافہ قومی سلامتی کے تصور کیلئے انتہائی خطرناک ہے

حکومت کی ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر خاموشی آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔ صدر(ن)لیگ، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 اکتوبر 2021 18:11

ڈالر کی قیمت میں اضافہ قومی سلامتی کے تصور کیلئے انتہائی خطرناک ہے
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ قومی سلامتی کے تصور کیلئے انتہائی خطرناک ہے، حکومت کی ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر خاموشی آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مزیداور مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے تصور کے لئے خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر دانستہ خاموش ہے جو آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تبادہی کی صورت بھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈالر کی مسلسل پرواز ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لئے نیک فال نہیں۔

مزید برآں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے پاکستان فاٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا، فسطائی حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکل سکتا۔ نواز شریف پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال کر وائٹ لسٹ میں لائے تھے اور آئی ایم ایف کو گھر بھیجا تھا۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے نہ مہنگائی ختم ہو سکتی ہے، روزگار مل سکتا ہے اور نہ ہی معیشت ترقی کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان استعفی دے دیں، فاٹف سے بھی نکل جائیں گے، آئی ایم ایف کو بھی گھر بھیج دیں گے، مہنگائی ختم، عوام کو روزگار فراہم کردیں گے اور معیشت بھی ٹھیک کر دیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں بند کریں گے، صحافیوں پر جھوٹے مقدمات بنائیں گے اور خواتین سمیت اینکرز اور کالم نگاروں پر حملے ہوں گے تو پاکستان گرے لسٹ سے نہیں نکلے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات