Live Updates

عمران خان کوئی جام کمال نہیں اس سے استعفے کی امید نہ لگائی جائے، خورشید شاہ

عمران خان استعفا نہیں دے گا، عمران خان ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن استعفا نہیں دے گا۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 اکتوبر 2021 21:16

عمران خان کوئی جام کمال نہیں اس سے استعفے کی امید نہ لگائی جائے، خورشید ..
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کوئی جام کمال نہیں اس سے استعفے کی امید نہ لگائی جائے، عمران خان استعفا نہیں دے گا، عمران خان ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن استعفا نہیں دے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتا تھا میں خود کشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا،عمران خان نے کبھی سیاستدانوں کو پارلیمانی حیثیت نہیں دی، عمران خان استعفا نہیں دے گا، عمران خان ملک کو نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن استعفا نہیں دے گا، عمران خان کو جام کمال نہ سمجھا جائے ، اس لیے عمران خان سے استعفے کی امید نہ لگائی جائے۔

کالعدم تحریک لبیک کے حوالے سے شیخ رشید نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے معاہدہ کیا تھا، اس لیے یہ کچھ بھی کہیں لیکن وہ ان کی باتوں کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کونسی جماعت ہے جس نے بجلی، گیس، پٹرول، مہنگائی اور ڈالر جیسے تمام کرائسز دیے ہوں؟اور پھر وہ ووٹ لینے جائے گی؟ میں دس سال سے یہ بات کررہا ہوں کہ حکومتی مدت پانچ سال کی بجائے چار سال رکھی جائے جبکہ عرصہ کم ہوگا تو پھر کام کرنے کے زیادہ ضرورت محسوس کی جائے گی، اگر پانچ سال ہوں گے تو حکومتیں بھی سست ہوجاتی ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے خورشید شاہ کو ضمانت پر رہائی پر مبارکباد دی ،دونوں رہنمائوں کے درمیاں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنمائوں نے موجودہ معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد اور خورشید شاہ کا پارلیمنٹ کے اندر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پراتفاق ہوا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں متحد ہوں، ماضی کو بھلا کر سلیکٹڈ حکومت سے عوام کی جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کے لیے خورشید شاہ نے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی۔ نواز شریف نے کہا کہ دو سال تک آپ کو پابند سلاسل رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، حکومت کا سارا زور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اپوزیشن رہنمائوں پر جھوٹے مقدمات بنانے پر لگا رہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات