Live Updates

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات

عمران خان کی جانب سے ویژن 2030 کیلئے محمد بن سلمان کی تعریف، ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا

muhammad ali محمد علی منگل 26 اکتوبر 2021 00:01

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات، عمران خان کی جانب سے ویژن 2030 کیلئے محمد بن سلمان کی تعریف، ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو اجلاس کی سائیڈلائن پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کےعلاقائی و بین ‏الاقوامی مسائل، معاشی و تجارتی تعلقات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی پر سربراہ اجلاس کے انعقاد پر ولی عہدکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سعودی قیادت کا عزم واضح ہو گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں منعقدہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی حدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کا واحد ملک ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بہتر اقدامات اور 44 فیصد سرمایہ کاری کر رہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اشتراک جاری رکھنا ہوگا، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، دنیا کے10 فیصد ممالک 80 فیصد ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں مینگروز کے درخت ہیں، 2023 تک ایک ارب مینگروز کے جنگلات لگائے جائیں گے، مینگروز کے درخت سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے سے توانائی پیدا کرنے کا کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا جائے گا، 2030 تک پاکستان 60 فیصد کو قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کردیا جائے گا، ماحول کے تحفظ کیلئے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔

پاکستان میں غیرملکیوں کیلئے سرمایہ کاری کے بےپناہ مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سربراہ اجلاس سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سعودی ولی عہد نے سربراہی اجلاس کو گرین انیشی ایٹو سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا کو چیلنجز درپیش ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فنڈ قائم کیا جائےگا،ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، سعودی ولی عہد نے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کے لیے فاونڈیشن کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات