ہم پاکستان پیپلز پارٹی کی طرح چھپ کر ووٹ دینے والوں میں سے نہیں ہیں

بلوچستان حکومت میں شمولیت کا فیصلہ مشاورت سے کریں گے ۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 اکتوبر 2021 10:36

ہم پاکستان پیپلز پارٹی کی طرح چھپ کر ووٹ دینے والوں میں سے نہیں ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اکتوبر 2021ء) : جمیعت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کی طرح چُھپ کر ووٹ نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت میں شمولیت کا فیصلہ مشاورت سے کریں گے چھپ کر ووٹ ڈالنے والوں میں سے نہیں۔ بلوچستان میں نئی حکومت کے لیے کوششیں جاری ہیں اس حوالے سے سیاسی حلقوں میں یہ بات زیربحث ہے کہ پی ڈی ایم نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ووٹ دے گی یا نہیں؟ اس سلسلے میں جے یوآئی ف، بی این پی مینگل اور پختونخوامیپ نے باضابطہ طور پر مشاورت کا فیصلہ کیا۔

جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اس حوالے سے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بی اے پی سے چھپ کر ووٹ لیا تھا لیکن ہم چھپ کر ووٹ دینے والوں میں سے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلہ ہوگا باقاعدہ مشاورت کے بعد اور اعلانیہ طور پر ہوگا، تاہم ابھی ہم نے بلوچستان حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا۔

جے یوآئی سربراہ نے مزید کہا کہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال کے اپنے ساتھی بھی ان کےخلاف ہوگئے تھے انہوں نے بلوچستان میں حکومتی اتحاد میں اختلافات کا فائدہ اٹھایا۔ دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی نئی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ثناءاللہ خان زہری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں جو ہوا سو ہوا پارٹی کا فیصلہ تھا کہ اپوزیشن کا ساتھ دیا جائے جسے تسلیم کیا، بلوچستان اسمبلی میں شروع دن سے اپوزیشن میں رہا ہوں ، آئندہ حکومت کیلئے ایک ڈرافٹ تیار کیا ہے جو ناانصافیاں ماضی میں ہوئی ہیں دوبارہ نہیں ہونی چاہئیے۔