بلوچستان ، سندھ اور اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری

ایسے تمام اقدامات اٹھائے جائیں جس سے تمام اہل افراد کے ووٹوں کا اندراج یقینی بنایا جائے اور تمام فوت شدہ افرا کے ووٹوں کا اخراج کیا جائے ، الیکشن کمیشن

منگل 26 اکتوبر 2021 16:31

بلوچستان ، سندھ اور اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے انعقاد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان ، سندھ اور اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کردیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کو یہاں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے کی۔

اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر افسران شریک ہوئے۔ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے بھی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے 17 اضلاع میں ہونے والے تحصیل اور ویلج / نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات کے انعقاد اور انتظام کی بابت بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ،ریٹرننگ آفیسروں ، اسسٹنٹ ریٹرننگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کی ضروری ٹریننگ کے حوالے سے لیڈٹرینرو ں (Trainers Lead ) کی ٹرنینگ الیکشن اکیڈمی میں مکمل ہو چکی ہے۔ جبکہ ریٹرننگ آفیسروں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں کی ٹرنینگ 29اکتوبر 2021تک مکمل کر لی جائے گی۔الیکشن کے لئے انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ اور دیگر امور کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ اداروں سے رابطہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبوں میں لوکل گورنمنٹس انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے۔الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان ، سندھ اور وفاقی دارالخلافہ اسلام آباد کے لوکل گورنمنٹس کے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ فوری طور پر چیف سیکرٹری صاحبان/ متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں تاکہ صوبوں میں لوکل گورنمنٹس انتخابات کے لئے فوری حلقہ بندی کا کام شروع کیا جائے۔

اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن صوبائی حکومتوں کی شنوائی کے بعد واضح احکامات جار ی کر چکا ہے۔ الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات 2023 کے لئے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ ایسے تمام اقدامات اٹھائے جائیں جس سے تمام اہل افراد کے ووٹوں کا اندراج یقینی بنایا جائے اور تمام فوت شدہ افرا کے ووٹوں کا اخراج کیا جائے ۔ مزید جو ووٹر اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے مطابق مستقل یا عارضی پتہ پر ٹرانسفر کروانا چاہتے ہیں انکی بھی ہر ممکن معاونت کی جائے۔