ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، گھٹنے کے بل بیٹھنے سے انکار کرنے پر جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک ٹیم سے ڈراپ

ڈی کوک کے بارے میں حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ ملنے کے بعد کیا جائے گا: جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 اکتوبر 2021 16:33

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، گھٹنے کے بل بیٹھنے سے انکار کرنے پر جنوبی افریقی وکٹ ..
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اکتوبر 2021ء ) آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے کوئنٹن ڈی کوک کی جانب سے گھٹنوں کے بل بیٹھنے سے انکار کے بعد انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے کے لیے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے لیے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پروٹیز ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور کوئنٹن ڈی کوک کی جگہ ریزا ہینڈرکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈی کوک نے بلیک لائیوز میٹر مہم کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے گھٹنے کے بل بیٹھنے سے انکار کیا تھا جس کی وجہ سے انہیں آج کے میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے تاہم اس ضمن میں کوئی بھی اگلا قدم ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی اٹھایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اوبید میک کوئے کی جگہ ہیڈن والش کو شامل کیا گیا ہے۔

میچ کے لیے ویسٹ انڈیزکی ٹیم کیرون پولارڈ (کپتان)، ایون لوئس، کرس گیل، لینڈل سمنز، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، عقیل حسین، ہیڈن والش اور روی رامپال پر مشتمل ہے جب کہ جنوبی افریقی ٹیم میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، راسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مرکرم، ڈیوڈ ملر، ہینری کلاسن، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، اینرچ نورجے اور تبریز شمسی شامل ہیں ۔