بےروزگاری کے خاتمے کیلئے70 ہزار نوکریاں فوری فراہم کریں گے، عثمان بزدار

تعلیم وصحت سمیت تمام محکموں کی70 ہزار آسامیاں خالی ہیں، کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں، وزیراعظم مہنگائی پیکیج کا جلد اعلان کرینگے، حکومت ہرصورت 5 سال پورے کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 اکتوبر 2021 19:14

بےروزگاری کے خاتمے کیلئے70 ہزار نوکریاں فوری فراہم کریں گے، عثمان بزدار
ملتان (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہےکہ بےروزگاری کے خاتمے کیلئے 70 ہزار نوکریاں فوری دیں گے، تعلیم وصحت سمیت تمام محکموں کی70 ہزار آسامیاں خالی ہیں، کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں، وزیراعظم مہنگائی پیکیج کا جلد اعلان کرینگے، حکومت ہرصورت 5 سال پورے کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان میں ٹینک چوک پر کورونا ویکسی نیشن موبائل سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کورونانے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

پاکستان نے وباء سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ کورونا سے بچاؤ کے لئے کورونا ویکسی نیشن واحد راستہ ہے۔ حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر مہم لانچ کردی ہے اور روزانہ10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 18 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، دسمبر تک8 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

اپنے پیاروں کو وباء سے محفوظ بنانے کے لئے کورونا ویکسی نیشن کرائیں۔ شہری کورونا ویکسی نیشن مہم کامیاب بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں۔رول آف بزنس کی ترمیم اور منظوری حکومت کا کارنامہ ہے۔ مرحلہ وار تمام محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گھر گھر کورونا ویکسی نیشن مہم RED کا باقاعدہ افتتاح کیا اور موبائل ویکسی نیشن سینٹر پر کورونا ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسی نیشن کیلئے آنے والی خواتین سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسی نیشن موبائل سینٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ملتان میں ٹارگٹ کا 54 فیصد حاصل کر لیا ہے اور دسمبر تک سوفیصد ویکسی نیشن کریں گے۔