ایم پی اے ثانیہ عاشق کی دھمکیوں اور ہراساں کرنے پر ایف آئی اے کو درخواست

میرے جعلی ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر تصاویر اور ویڈیوز وائرل کی گئیں، مختلف نمبرز سے کالز اور میسیجز بھی موصول ہو رہے ہیں۔ ن لیگی رہنماء کی درخواست کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 26 اکتوبر 2021 20:14

ایم پی اے ثانیہ عاشق کی دھمکیوں اور ہراساں کرنے پر ایف آئی اے کو درخواست
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے دھمکیوں اور ہراساں کیے جانے ایف آئی اے کو درخواست دے دی، میرے جعلی ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر تصاویر اور ویڈیوز وائرل کی گئیں، مختلف نمبرز سے کالز اور میسیجز بھی موصول ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دی ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جارہا ہے اور دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

درخواست کے متن میں مزید کہا گیا کہ ان کیخلاف سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد نے مہم چلا رکھی ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے درخواست میں مزید بتایا کہ میرے نام سے منسوب جعلی ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر میری ویڈیوز وائرل اور تصاویر استعمال کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ثانیہ عاشق نے مختلف نمبرز سے متعدد کالز اور میسیجز کا ریکارڈ سمیت سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے اسکرین شاٹس بھی ایف آئی اے کو فراہم کیے ہیں۔

ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق کی جانب سے درخواست ملنے کے بعد فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی شروع کردی ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کروانے کے موقع پر ن لیگی رہنماء عطاءاللہ تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ن لیگی رہنماء عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی اے میں درخواست جمع کروائی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ثانیہ عاشق کے خلاف جھوٹی نازیبا وڈیوز اور تصاویر پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ مرحوم والد کی بستر مرگ پر تصاویر تک کو غلط رخ دیا گیا۔