بی اے پی وزرات اعلیٰ کے نامزد امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو کو کامیاب کروانے کیلئے متحرک ہوگئی

ارکان اسمبلی اور اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں، قائد ایوان کے انتخاب میں حمایت کی درخواست کردی

منگل 26 اکتوبر 2021 22:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) بلوچستان عوامی پارٹی وزرات اعلیٰ کے نامزد امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو کو کامیاب کروانے کے لئے متحرک ہوگئی، ارکان اسمبلی اور اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کر کے قائد ایوان کے انتخاب میں حمایت کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق جام کمال خان کے مستعفی ہونے کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ وزیراعلی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو منگل کواراکین اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کے لئے متحرک رہے انہوں نے پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی،سردار عبدالرحمن کھیتران، حاجی محمد خان لہڑی سمیت دیگر رہنمائوں کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیررکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع، پیپلز پارٹی کے رکن نواب ثناء اللہ زہری ، ایچ ڈی پی کے عبدالخالق ہزارہ ، پی ٹی آئی کے رکن مبین خلجی، بی اے پی کے ارکان سردار مسعود لونی ، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، خلیل جارج سے ملاقاتیں کیں اور ان سے قائد ایوان کے انتخاب میں حمایت کرنے کی درخواست کی ، اس موقع پر بی اے پی کے وفد نے آئندہ حکومت سازی میں سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے تعاون کی درخواست کی جس پر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق حکومت گرانے اور آئندہ حکومت سازی میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان افیئرز کے کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی موجودتھے ۔بی اے پی کے وفد سے ملاقات کے بعد ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالخالق ہزارہ نے بھی میر عبدالقدوس بزنجو کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی اے پی کے اتحادی ہیں اور انہیں پارٹی کی اکثریت کا فیصلہ منظور ہے ،رکن صوبائی اسمبلی سردار مسعود لونی اور خلیل جارج نے بھی میر عبدالقدوس بزنجو کی حمایت کا اعلان کردیا ہے دوسری جانب پی ٹی آئی کے وزیر دفاع پرویز خٹک نے صوبے میں بی اے پی کے امیدوار کی حمایت کردی ہے ۔