جن کی سلیکشن پر تنقید ہوئی انہوں نے ہی نیوزی لینڈ سے میچ جتوادیا

کیویز کے خلاف قومی ٹیم کی فتح میں حارث رؤوف اور آصف علی نے بنیادی کردار ادا کیا

منگل 26 اکتوبر 2021 23:25

جن کی سلیکشن پر تنقید ہوئی انہوں نے ہی نیوزی لینڈ سے میچ جتوادیا
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی ہے،کیویز کے خلاف قومی ٹیم کی فتح میں جن 2 پاکستانی کھلاڑیوں حارث رؤوف اور آصف علی نے بنیادی کردار ادا کیا ان کی سابقہ کارکردگی کے باعت دونوں کو شدید تنقید کا سامنا تھا تاہم دونوں نے اہم اور بڑے میچ میں بہترین کارکردگی سے ناقدین کے منہ بند کرادئیے ہیں۔

میچ میں حارث نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور مین اذف دی میچ کا ایوارڈ لے اڑلے جب کہ آصف علی نے بھی مشکل وقت پر 3 چھکوں کی مدد سے 12گیندوں پر 27 قیمتی رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلوادی۔میچ میں دونوں کی شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر مداح ان کی سپورٹ میں سامنے آگئے ہیں اور اس حوالے سے میمز بھی شیئر کی گئیں آصف علی کے مداح نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ آصف علی مشکل وقت میں کس طرح قومی ٹیم کو سہارا دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک پوسٹ میں دکھایا گیا کہ آصف علی کو گیند لگنے کے بعد کیوی کھلاڑی ان سے ایمبولینس منگوانے کا پوچھ رہے ہیں تاہم آصف علی اس سے پوچھ رہے ہیں کہ ایمبولینس کس کے لیے منگوانی ہے۔ایک میم میں اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی شائق کان پکڑ کر آصف علی اور حارث رؤوف سے معافی مانگ رہے ہیں۔ایک صارف نے آصف علی کو سپر مین کی صورت میں دکھایا ہے۔سوشل میڈیا پر صارفین نے مزاحیہ انداز میں حارث رؤوف پر کی جانے والی تنقید کا مداوا کیا ۔