Live Updates

پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ،وزیر ریلوے

بدھ 27 اکتوبر 2021 15:04

پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،  کشمیری عوام کی  سیاسی، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2021ء) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے یوم سیاہ پر  اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔27 اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب 1947 میں بھارتی قابض افواج کشمیر کے اندر داخل کر دی گئیں۔ ہم ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

بھارت اور مودی سرکار پر ہندوتوا اور ارایس ایس کی سوچ غالب آئی ہوئی ہے۔ خاص طور پر بھارت کی طرف سے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سچے وکیل اور دلیر سفیر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔عمران خان نےکشمیریوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو پوری دنیا میں اجاگر کیا،اور دنیا کے ہر فورم  پر  اس پر بات کی۔

(جاری ہے)

پہلی مرتبہ مغربی میڈیا نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ دوٹوک ،واضح اور بھرپور مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، کشمیریوں کو ان کا بنیادی خودارادیت کا حق دیا جائے۔پاکستان کشمیری عوام کی پرامن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات