بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام پر ایک اور بوجھ ہے، وہ پہلے اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کی جدوجہد کر رہی ہے،رضا ربانی

آئی ایم ایف سے بات چیت میں طویل اور نہ ختم ہونے والی غیر یقینی صورتحال معاشی اشاریوں کی گراوٹ کا باعث بنی، سابق چیئر مین سینٹ

بدھ 27 اکتوبر 2021 17:46

بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام پر ایک اور بوجھ ہے، وہ پہلے اپنے بچوں کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) سابق چیئر مین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام پر ایک اور بوجھ ہے، وہ پہلے اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اپنے بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہاکہ حکومت نے کے الیکٹرک کے لیے جولائی سے بجلی کے نرخوں میں 69 پیسے کا اضافہ کر دیا ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ عوام پر ایک اور بوجھ ہے، وہ پہلے اپنے بچوں کو زندہ رکھنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر آگیا ہے،ڈالر کی قدر میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث مئی سے اب تک ملک کے مجموعی قرضوںمیں 2,750 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ رضا ربانی نے کہاکہ حیرت ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں کہ روپے کی قدر میں کمی کچھ لوگوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ روپے پر دبائوحکومت کی پارلیمنٹ اور عوام کو اعتماد میں لینے میں ناکامی سے آیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف سے بات چیت میں طویل اور نہ ختم ہونے والی غیر یقینی صورتحال معاشی اشاریوں کی گراوٹ کا باعث بنی۔ رضا ربانی نے کہاکہ آئی ایم ایف جن نئی شرائط کو قبول کرانا چاہتا ہے، پاکستان ایک لیکویڈیٹر کے طور پر اپنے کردار کی وضاحت کرے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پارلیمنٹ کو فوری طور پر اعتماد میں لے، ان میں سے کچھ شرائط کا قومی سلامتی پر اثر پڑے گا۔سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہاکہ ریلوے کرایوں اور کارگو ٹیرف میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، اسے واپس لیا جائے۔