نور مقدم قتل کیس،ملزم ذاکر جعفر نے وکیل تبدیل کرلیا، مزید تین گواہوں کی جرح مکمل

آئندہ سماعت پر 4 گواہوں کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا ، کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی

بدھ 27 اکتوبر 2021 17:46

نور مقدم قتل کیس،ملزم ذاکر جعفر نے وکیل تبدیل کرلیا، مزید تین گواہوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) نور مقدم قتل کیس میں ملزم ذاکر جعفر نے اپنا وکیل تبدیل کرلیا، مزید 3 گواہوں کی جرح مکمل کرلی گئی، آئندہ سماعت پر 4 گواہوں کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا ، کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں نور مقدم قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت میں کی گئی۔

راولپنڈی میں راستے بند ہونے کے باعث مرکزی ملزم ظاہر جعفر اور والد ذاکر جعفر عدالت میں پیش نہ ہوئے جن کی اسکائپ کے ذریعے حاضری لگائی گئی جبکہ عصمت آدم جی سمیت تھراپی ورکس کے ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ملزمان کی جانب سے پولیس کو دیئے گئے ابتدائی بیان کی کاپیاں ملزمان کے وکلاء کو دی گئیں۔

(جاری ہے)

ملزم ذاکر جعفر نے اپنا وکیل تبدیل کیا جس پر ایڈوکیٹ بشارت اللہ نے عدالت میں وکالت نامہ جمع کروایا، سماعت کے دوران عدالت کے سامنے تین گواہ پیش ہوئے جن میں استغاثہ لے کر جانے والے گواہ کانسٹیبل عابد لطیف، اے ایس آئی بشارت رحمن اور خاتون کانسٹیبل اقصیٰ رانی کا بیان اور جرح ملزمان کے وکلاء نے مکمل کی۔

عدالت میں تینوں گواہان سے جرح تقریباً دو گھنٹے طویل رہی، آئندہ سماعت پر نقشہ نویس عامر شہزاد، اے ایس آئی محمد ریاض، ہیڈ کانسٹیبل فراست فہیم اور کمپیوٹر آپریٹر مدثر کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ کیس کی سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔