پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی

بھارت سازگار ماحول بنائے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 10:11

پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ بھارت اگر سازگار ماحول بنائے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان اب بھی بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن شرط یہ ہے کہ بھارت مذاکرات کے لیے سازگار ماحول بھی تیار کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فریقین کے مابین مذاکرات صرف تب ہی ہوتے ہیں جب فریقین اس کے لیے تیار بھی ہوں، ایسے فریق سے مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں جو ڈھونگ رچا رہا ہو، امن میں اس کی دلچسپی نہ ہو اور کشمیر میں نہتے مسلمانوں کو شہید کیا جا رہا ہو۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ ایسا ملک جو ایک کرکٹ میچ ہارنے کے بعد کشمیری مسلمانوں کو حراست میں لے اور ان پر تشدد کرے اس کی کیا وقعت ہوگی، 4 سال سے بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل کئی بیانات میں معید یوسف بھارت کو اس کا مکروہ چہرہ بھی دکھا چکے ہیں۔ رواں ماہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے روسی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان گذشتہ چار دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کا سیاسی حل ہونا چاہئیے، ہم ماضی میں 50 لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کر چکے ہیں۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، پاکستان طالبان کی جانب سے بات نہیں کر رہا بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بات کر رہا ہے۔ بھارت کے سپائلر والے کردار کو بے نقاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت پاکستان کے بارے میں فرضی کہانیاں بنانے اور گھڑنے میں مصروف ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا اور سابق حکام کا اس وقت سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا گیا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گیم کلپ کا استعمال کرتے ہوئے اسے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے پنجشیر وادی میں بمباری کے طور پر پیش کیا۔ بھارتی میڈیا نے ایک امریکی لڑاکا طیارے کی ویڈیو بھی استعمال کی جو کہ برطانیہ ویلز کے اوپر سے اڑ رہا تھا اور الزام لگایا کہ پاک فضائیہ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ پنجشیر وادی پر منڈلارہا ہے۔

ڈاکٹر معید یوسف نے مزید کہا کہ بھارت نے امریکی مشن کو بے وقوف بنا کر انہیں یقین دلایا کہ پاکستان افغانستان میں مسئلے کا بنیادی ذریعہ ہے لیکن حقیقت میں اس وقت کی افغان حکومت خود تباہی کی وجہ تھی اور افغان نیشنل سکیورٹی فورسز (اے این ایس ایف) کرپٹ حکومت کے لیے لڑنا نہیں چاہتی تھیں۔