Live Updates

وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیم سے سابقہ معاہدے کا علم نہیں تھا

وزرا کو چاہئیے کہ وہ معاہدوں کو اون کریں اور وزیر اعظم پر معاملہ نہ ڈالیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 28 اکتوبر 2021 11:33

وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیم سے سابقہ معاہدے کا علم نہیں تھا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اکتوبر 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومتی وزرا کو معاہدوں کو اون کرنے اور ملبہ وزیراعظم عمران خان پر نہ ڈالنے کا مشورہ دیا۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ جنگ میں شائع خبر میں بتایا گیا کہ حکومتی سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک کے ساتھ 2020ء میں ہونے والے معاہدے کے بارے میں وزیراعظم کو علم نہیں تھا یہ معاہدہ غلط سائن ہوا تھا۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ وزرا کو چاہئیے کہ وہ تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کو اون کریں اور وزیر اعظم پر معاملہ نہ ڈالیں۔ طاقت کوئی حل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

فوری حل یہی ہے کہ امام کعبہ اور روضۂ رسول کے نگران سے رابطہ کیا جائے۔

بعد میں تمام مسلمان ملک مل جل کر کوئی مستقل حل نکال سکتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ریاست نے ایک عرصے تک کالعدم تحریک لبیک کو بات چیت سے سمجھانے کی کوشش کی لیکن اس تنظیم نے تشدد کا راستہ اپنایا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ شواہد ہیں کہ ٹی ایل پی کی بیرونی مدد بھی کی جارہی ہے، آج جو فیصلے ہوئے ہیں ان میں حکومت کے ساتھ عسکری ادارے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے مظاہرین سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کا فیصلہ کر رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ہر حال میں احتجاج اور دھرنے کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے لیے رینجرز کی مدد بھی لی جائے گی۔ گذشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں رینجرز اور پولیس کی اضافہ نفری تعینات کر دی گئی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات