Live Updates

حزب اختلاف میں سیاسی طور پر کوئی دم خم نہیں ،قبل از وقت انتخابات کے نعرے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے ہیں‘ ہمایوں اختر

وزیر اعظم کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے موجودہ دورمیں تمام ممالک کیساتھ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں‘ سینئر مرکزی رہنما

جمعرات 28 اکتوبر 2021 11:45

حزب اختلاف میں سیاسی طور پر کوئی دم خم نہیں ،قبل از وقت انتخابات کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ صرف سیاسی نعرہ ہے ،حزب اختلاف میں سیاسی طور پر کوئی دم خم نہیں اور اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے ایسے خوشنما نعرے لگانا ان کی مجبوری ہے ،موجودہ دورحکومت میں تمام ممالک کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی آئی ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کامیاب خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، پارٹی رہنما اور کارکنان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اوران کی غمی خوشی میں شریک ہونا ہمار افرض ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 131میں پارٹی رہنمائوںرانا جان محمد کی اہلیہ،رانانسیم کے والداور چیئرمین زکوة کمیٹی محمد منشاء شاہد کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے دیگر رہنمائوں اور اکابرین سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سابقہ حکومت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کو معاشی طو رپر تباہ کر کے گئی، ان کا خیال تھا کہ نئی آنے والی حکومت مسائل پر قابو نہیں پا سکے گی اورناکام ہو جائے گی ،سابقہ حکمران جلد دوبارہ باری لینے کے خواب دیکھ رہے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اپنے عزم اور نیک نیتی سے ہر طرح کے گھمبیر چیلنجز پر قابو پایااور ان کے تمام منصوبوں پر پانی پھیر دیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام با شعور ہیں اور وہ اچھی طرح آگاہ ہیں کہ مہنگائی کی اصل وجہ عالمی سطح پر اشیائے خوردونوش او رپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان کی وجہ سے ہے ۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں ، مستحق طبقا ت کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دینے کا منصوبہ عمران خان حکومت کی عوام سے قربت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر حلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ہمایوں اختر خان نے یقین دہانی کرائی کہ انشا اللہ پورے حلقے کے مسائل کو بتدریج حل کیا جائے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات