قومی ٹیم کی باگ دوڑ غیر ملکی کوچ کے سپرد کرنے کا فیصلہ

سابق پروٹیز ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن شارٹ لسٹ میں سرفہرست ،سابق آسٹریلوی بیٹسمین سائمن کیٹچ کا نام بھی زیر غور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 28 اکتوبر 2021 12:36

قومی ٹیم کی باگ دوڑ غیر ملکی کوچ کے سپرد کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے مستقل ہیڈ کوچ کے لیے غیر ملکی کوچ کو لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا مستقل ہیڈ کوچ غیر ملکی ہوگا اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ غیر ملکی کوچ کی تلاش کا معاملہ خود دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن شارٹ لسٹ میں سرفہرست ہیں جب کہ سابق آسٹریلوی ٹیسٹ بیٹسمین سائمن کیٹچ کا نام بھی ہیڈ کوچ کے لیے زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کو انگلینڈ کے سابق کوچ پیٹر موریس کے نام میں بھی دلچسپی ہے اور پیٹر موریس کا پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ معاہدے کا امکان ہے۔ واضح رہےکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے ثقلین مشتاق عبوری ہیڈ کوچ ہیں جب کہ ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ اوپنر میتھیو ہیڈن بیٹنگ کنسلٹنٹ اور جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بائولر ورنن فلینڈر کو بائولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔