سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکی کارکنوں کیلئے بری خبر

سعودی حکومت نے غیرملکی کارکنان پر انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:16

سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکی کارکنوں کیلئے ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) سعودی حکومت نے غیرملکی کارکنان پر انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔ عرب میڈیا نے سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپنیوں میں افرادی قوت کے بجائے مشینی وسائل پر انحصار بڑھانے کا ارادہ ہے ، جس کے لیے تارکین وطن پر غیر معمولی انحصار کرنے والی 4 ہزار فیکٹریوں کو ڈیجیٹل انڈسٹری میں تبدیل کیا جائے گا ، اس اقدام سے مقامی شہریوں کے لیے مختلف نوعیت کی نوکریاں کے مواقع پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں آج کل صنعت اور کان کنی کے شعبوں میں روزگار کے مواقع ماضی کے مقابلے میں زیادہ ہیں ، دونوں شعبے مقامی شہریوں کے لیے مناسب مواقع مہیا کررہے ہیں ، اس کے علاوہ دوا ساز فیکٹریوں سمیت دیگر اداروں سے متعلق اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے روزگار کے متلاشی مقامی نوجوانوں کو صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں موجود ملازمتوں کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب نے غیر ملکیوں پر انحصار کم کرنے کا منصوبہ شروع کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فروغ افرادی قوت پروگرام کا آغاز کر دیا ، پروگرام 89 سکیموں پر مشتمل ہے ، جس کے ذریعے سعودی وژن 2030ء کے 16 سٹراٹیجک اہداف پورے ہوں گے ، اس حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ فروغ افرادی قوت پروگرام سعودی وژن 2030 میں شامل ہے ، جس کے تحت افرادی قوت کے فروغ کا سفر بچپن سے شروع ہوگا ، جو کالجوں، ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ انسٹی ٹیوٹس اور یونیورسٹیوں سے ہوتے ہوئے لیبر مارکیٹ تک پہنچے گا ، اس کا مقصد سعودی شہریوں میں مہارتیں پیدا کرنا اور ان کی علمی قابلیت کو بڑھانا ہے ، لیبر مارکیٹ کے نت نئے تقاضوں کو پورا کرنا بھی اس کا ایک اہم مقصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا پروگرام معاشرے کے تمام طبقوں کی ضروریات اور آرزوؤں کو پورا کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے ، ہر شہری کی استعداد پر مجھے پورا بھروسہ ہے ، یہ پروگرام ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قومی افرادی قوت میں مسابقت کا جذبہ مضبوط کرے گا ، یہ مضبوط معیشت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا اور ہمارے عوام موجودہ اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کے چیلنجوں کا مقابلہ کریں گے ، جس کے لیے کمسنی سے بچوں کی استعداد بڑھانے کے لیے نرسری سکول بڑے پیمانے پر قائم ہوں گے ، بچوں کی نجی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا ، طلبہ کو لیبر مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لیے پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کی جائے گی اور پیشہ ورنہ رجحانات متعین کرنے میں مدد کی جائے گی۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ 2030 تک سعودی عرب کی دو یونیورسٹیوں کو دنیا کی سو بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کرایا جائے گا ، 23 فیصد سے 90 فیصد تک بچوں کو نرسری سکولوں سے منسلک ہونے کے مواقع مہیا ہوں گے ، فروغ افرادی قوت پروگرام مملکت میں افرادی قوت کی تیاری پر توجہ مرکوز کرے گا ، پرائیویٹ سیکٹر اور بغیر منافع والے سیکٹر کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت کا اہتمام کرے گا ، اس حوالے سے متعدد اہداف حاصل کیے جائیں گے۔