دبئی میں بغیر ڈرائیور کاریں چلانے کے حوالے سے اہم اعلان

دبئی حکومت بغیر ڈرائیور چلنے والی کاروں کے لیے آئندہ سال قوانین جاری کرے گی ، جس کے بعد سیلف ڈرائیونگ کاروں کا پہلا سیٹ 2023ء میں دبئی کی سڑکوں پر آئے گا۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اکتوبر 2021 14:43

دبئی میں بغیر ڈرائیور کاریں چلانے کے حوالے سے اہم اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اکتوبر 2021ء ) دبئی آئندہ سال بغیر ڈرائیور والی کاروں کے لیے قوانین جاری کرے گا ،  دبئی اگلے سال خود مختار گاڑیوں کے تجارتی استعمال کے لیے ضوابط جاری کرنے والے پہلے شہروں میں سے ایک بننے جا رہا ہے۔ یو اے ای کے خبر رساں ادارے کے مطابق اس سال اپریل میں دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے امریکہ میں قائم خود مختار کار ساز کمپنی جنرل موٹرز کی ذیلی کمپنی کروز کے ساتھ 4,000 ٹیکسی کاروں کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے ، جس کے بارے میں آر ٹی اے میں پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی کے سی ای او احمد بہروزیان نے کہا ہے کہ چند مہینے پہلے ہم نے کروز کے ساتھ 2023ء کے آخر تک دبئی میں خود مختار ٹیکسیاں متعارف کرانے کے لیے 15 سالہ معاہدے پر دستخط کیے تھے ، ابتدائی طور پر یہ چھوٹے پیمانے پر ہوگی لیکن پھر ہم اسے ہزاروں ٹیکسیوں تک بڑھا دیں گے۔

(جاری ہے)

دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ دبئی ورلڈ کانگریس برائے سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2023ء تک دبئی کے ایک سرکاری ادارے کے طور پر ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے ضابطے متعارف کرائیں جو ان گاڑیوں کو یہاں کام کرنے کی اجازت دیں ، یہ ہماری طرف سے ایک عہد ہے ، کروز جیسی کمپنیاں دبئی کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں کیوں کہ ہم ضوابط جاری کرنے میں دوسرے شہروں کے مقابلے میں کافی تیز ہیں ، ہمارے پاس خود مختار گاڑیوں کے ٹرائل کرنے کے لیے پہلے سے ہی ضابطے موجود ہیں جب کہ اگلا مرحلہ خود مختار گاڑیوں کے تجارتی آپریشنز کے لیے ضوابط جاری کرنا ہے جس کے لیے ہم دبئی کی قانون سازی اتھارٹی، دبئی پولیس اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ اگلے سال تک ہمارے پاس ضابطے موجود ہوں گے۔