ریاست بھر میں(کل)جمعتہ المبارک کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺو ناموس صحابہ و اہلبیت ؓ کے طور پر منایا جائیگا

جمعرات 28 اکتوبر 2021 17:36

مظفراباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) ریاست بھر میں(کل)جمعتہ المبارک کو یوم تحفظ ناموس رسالت ﷺو ناموس صحابہ و اہلبیت ؓ کے طور پر منایا جائے گا ۔ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے گھروں سے باہر نکل کر احتجاج کرنے والوں کے خلاف اسلحہ کا استعمال بد ترین دہشتگردی ہے ۔مظفراباد سے تعلق رکھنے والے یعقوب جگوال کے تین بیٹوں کی شہادت کو دس دن گزرنے کے باوجود دہشتگردوں کے خلاف حکومت پنجاب کی طرف سے تاحال انسداد دہشتگردی کی دفعات کے ساتھ مقدمات درج نا کرنا افسوسناک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار اے جے کے جے یو آئی کے امیر مولانا قاضی محمود الحسن اشرف ،سینئر نائب امیر رکن قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری مولانا پیر مظہر سعید شاہ ،جنرل سیکرٹری مولانا عبد المالک صدیقی ایڈوکیٹ ،سواد اعظم اہلسنت والجماعت آزاد کشمیر کے امیر مولانا مفتی محمد اختر ناظم اعلی مولانا قاضی منظور الحسن ،نائب امیر مولانا عبد الغفور فاروقی ،مولانا محمد بشیر آف پلندری ،مولانا عطا الرحمن تنویر ،مولانا پیر محمد فرید ،مولانا محمود الرحمن عباسی و دیگر نے مشترکہ بیان اور مظفراباد کے 3نوجوان شہداء کے گھر میں شہداء کے ورثاء سے تعزیت کے موقع پر کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عتیق احمد کیانی اور المصطفی ٹرسٹ کے زمہ داران اور مرکزی سیرت محمد مصطفی ﷺ کمیٹی کے چیرمین مولانا عبد المالک انقلابی سواد اعظم ضلع نیلم کے جنرل سیکرٹری مولانا انعام الحق بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا وزیر اعظم آزاد کشمیر کو حکومتی سطح پر وزیر اعلی پنجاب سے رابطہ کر کے سفاک قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں دو ماہ کے اندر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ شہدا ء کے ورثاء کو کوئٹہ کے مقتولین کے مساوی دیت دلانے کے لیے بھی ٹھوس اور موئثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے صدر ،وزیر اعظم اسپیکر قانون ساز اسمبلی اور اراکین کابینہ کو یاد دلایا کہ آل جموں کشمیر جمیعت علمائے اسلام اور سواد اعظم اہلسنت والجماعت کی طرف سے 2021کے انتخابات میں دس نکاتی بیانیہ کی وفاقی حکومت کی طرف سے منظوری کے بعد موجودہ حکومت کے قیام میں بے لوث تعاون کیا ہے ۔جن دس نکات پر عمل در آمد حکومت کی بنیادی زمہ داری ہے ۔

اگر حکومت کی طرف سے توجہ نہ دی گئی تو گزشتہ حکومت کے انجام سے کوئی طاقت نہیں روک سکے گی ۔انہوں نے کہا آزاد ریاست جمو ں کشمیر کے قیام کے لیے میر واعظ مولانا یوسف شاہ ،غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان مجاھد اول سردار محمد عبد القیوم خان نے اپنے دور میں جو اسلام آئیزیشن کے حوالہ سے اقدامات کیے ہیں ان کی بقا اور تحفظ کے لیے اے جے کے جے یو آئی اور دیگر دینی جماعتیں پہرہ دیتی رہیں گی اور نفاذ اسلام کے لیے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے شریعت کورٹ کی بحالی کے لیے اور آزاد کشمیر اسمبلی میں علماء کی چار سیٹوں کے لیے جلد از جلد آئینی ترمیم لانے کا مطالبہ کیا ۔