Live Updates

کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 22 ارب روپے کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے،گورنرسندھ

جمعرات 28 اکتوبر 2021 23:08

کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 22 ارب روپے کی تقسیم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاروباری قرضہ جات کی ملک بھر کے دوسرے حصوں کی طرح صوبہ سندھ میں فراہمی کا عمل جاری ہے ، اب تک کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 22 ارب روپے کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا میں جاری ایک بیان میں کیا۔

گورنر سندھ نے کامیاب جوان پروگرام کے تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالہ سے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت سندھ کے نوجوانوں میں 3.5 ارب روپے سے زائد کے قرضے تقسیم ہوچکے ہیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے روزگار کے مواقعہ حاصل کرنے والوں میں نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے جوان عرفان علی لاشاری کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کیسے اپنے ذاتی کاروبار کا خواب پورا کیا، عرفان علی لاشاری کو اپنا ذاتی کاروبار کو وسعت دینے کیلئے سرمایہ کی اشد ضرورت تھی، سرمایہ نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار کو وسعت دینا عرفان علی کے لئے ایک خواب تھا۔

(جاری ہے)

عرفان علی نے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض کیلئے درخواست دی اور ملنے والے قرضے سے اس نے بھینسیں خریدیں اور اپنا ذاتی کاروبار شروع کیا۔ بقول عرفان علی لاشاری ، کامیاب جوان پروگرام وزیر اعظم عمران خان کا نوجوانوں کیلئے ایک انتہائی اہم اسکیم ہے اور میری طرح بے شمار نوجوان اس اسکیم سے مستفید ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ نے اپنے بیان میں مذید کہا کہ نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی کیلئے کامیاب جوان پروگرام سرگرمِ عمل ہے، کیونکہ نوجوانوں کی ترقی، قومی تعمیر وترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ اس پروگرام کے تحت خالصتاًمیرٹ کی بنیاد پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات