پیمرا نے کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی

ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی کوریج نہیں کرسکیں گے، کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی ہے۔ پیمرا اعلامیہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 28 اکتوبر 2021 21:54

پیمرا نے کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی، ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی کوریج نہیں کرسکیں گے، کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی ہے۔ پیمرا اعلامیہ کے مطابق پیمرا نے کالعدم جماعت کے احتجاجی مظاہرے کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے، پیمرا احکامات کے بعد ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی بھی کوریج نہیں کرسکیں گے، کالعدم جماعت کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی ہے، میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے۔

پیمرا اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ حالیہ احتجاجی مظاہرے کرنے والی جماعت کو 15 اپریل 2021 کو کالعدم قرار دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب میں رینجرز کو مظاہرین کیخلاف اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے 8 اضلاع میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قواعد ضوابط طے کر دئیے جس کے تحت رینجرز کے تعینات ذمہ داران کے پاس بوقت ضرورت کم سے کم اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

مقامی کمانڈر پولیس فورس یا رینجرز پر حملہ ہونے کی صورت میں اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت دے سکے گا۔ نئی صورتحال میں رینجرز اور پولیس کے ذمہ داران کے پاس انسداد دہشت گردی کے تحت کام کرنے کے اختیارات بھی ہوں گے۔ رینجرز کا کردار معاون فورس کے طور پر ہوگا، بوقت ضرورت فرنٹ فورس کے طور پر بھی کام کرے گی۔ صوبائی حکومت نے وزارت داخلہ پنجاب کو صوبہ میں رینجرز تعینات کرنے کی تحریری درخواست دی تھی۔

صوبائی حکومت کی درخواست کی روشنی میں رینجرز کو تعینات کیا گیا۔ پنجاب میں رینجرز کو اینٹی ٹیررازم ایکٹ 1997 کے سیکشن 4/2 کے تحت اور آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 147 کے تحت تعینات کیا گیا۔ پنجاب میں تعینات کی جانے والی رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی اختیارات سونپے گئے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن وامان قائم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے، عوام کے معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ریاست عوام کے جان ومال کے تحفظ کی داری ہر صورت نبھائے گی۔