فیصل آباد،کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی پر جرمانے،47گرانفروشوں کو62ہزار500 روپے جرمانہ،مزید7مرد وخواتین بھکاری تحویل میں لے لئے گئے

جمعہ 29 اکتوبر 2021 18:11

فیصل آباد۔29اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2021ء) :فیصل آبادضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرجمعہ کو شاپنگ مالز،پلازوں، ریسٹورنٹس اورٹرانسپورٹرز کو 6ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ گزشتہ 224 روزمیں اب تک 76لاکھ65 ہزار روپے جرمانہ کیاجاچکا ہے نیزٹیموں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کا سلسلہ جاری اور خلاف ورزی پر ایکشن لیا جارہا ہے۔

اسی حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف نے بطور ایڈمنسٹریٹر سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔انچارج عاصم الیاس نے کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد،مسافر بسوں کی سروسز،ویکسی نیشن کی صورتحال، صفائی امور ودیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر،ایڈمنسٹریٹر نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام ٹرانسپورٹر، ڈرائیورزومتعلقہ سٹاف کی سو فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو بھی ویکسین لگائی جائے جبکہ اس ضمن میں غفلت کی گنجائش نہیں۔

انہوں نے سٹینڈ میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے مجموعی انتظامی امور کی تعریف کی اور کہا کہ یہ معیار ہمہ وقت برقرار رہنا چاہیے۔انہوں نے شیلٹر ہوم کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ قیام کرنے والے مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے پبلک ٹرانسپورٹس میں کورونا ایس اوپیز پر من وعن عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زوردیا۔بعدازاں سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور نے اپنے آفس میں ٹرانسپورٹرز اور بس اڈہ مالکان سے میٹنگ کی اور مسافروں کو کورونا ویکیسین کے حوالے سے اہداف مکمل کرنے کی تنبیہہ کی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مسافر بغیر ویکسی نیشن کے گاڑی میں سوار نہ ہونے پائے بصورت دیگرمتعلقہ گاڑی اور اڈہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے سٹینڈزاور مسافرگاڑیوں میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے سپرے کرانے کی بھی ہدایت کی اورکہا کہ دھواں دینے والی گاڑیوں کو سڑک پر نہ لایا جائے اور گاڑیوں کا انجن آئل وقت پر تبدیل کرائیں تاکہ گاڑیاں دھواں پیدا نہ کریں جو فضائی آلودگی میں اضافہ کا باعث ہے۔

اجلاس کے بعد سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے موٹروے چوک پر دوران چیکنگ مسافروں کو بغیر کورونا ویکسین لے جانیکی بنا پر پانچ اے سی بسوں کو بند کر دیا اور متعدد مسافروں کو ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے گاڑیوں سے اتار دیا۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو بھاری جرمانے بھی کئے۔علاوہ ازیں ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں وبازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی چیکنگ کیلئے سرگرم عمل اور مقررہ سے زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کو موقع پر جرمانے اور سنگین خلاف ورزی پر مقدمات بھی درج کرارہے ہیں۔

جمعہ کے روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے47گرانفروشوں کو62ہزار500 روپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں مجموعی طور پر708انسپکشنز کرکے پھل وسبزیاں،دالیں،چکن، مٹن، بیف اور کریانہ کی اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پرکارروائی کی۔مزید برآں محکمہ سماجی بہبود کی ٹیموں نے انسداد گداگری مہم کے تحت شاہرات وچوکوں اور دیگرپبلک مقامات سے جمعہ کے روز مزید7مرد وخواتین بھکاریوں کو تحویل میں لے کر سنٹر منتقل کرایاجن کی کونسلنگ کیلئے اقدامات بھی جاری ہیں۔

اینٹی بیگری سکواڈنے ہریانوالہ چوک، بیرون نیشنل بینک ڈی گراؤنڈ،ڈھڈیوالہ جڑانوالہ روڈآخری سٹاپ،ملت چوک،جنرل بس سٹینڈاوردیگر علاقوں میں دوران چیکنگ کارروائی کی اوروارننگ کے باوجود بازنہ آنے والے پیشہ وربھکاریوں کو پکڑ کر ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرادیئے۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پرمحکمہ ماحولیات نے غیر معیاری ایندھن جلاکر فضائی آلودگی پھیلانے پر پیپر بورڈ کے بوائلر کو سیل کرادیا۔

انسپکٹر ماحولیات محمد صدیق نے ٹیم کے ہمراہ دوران چیکنگ بوائلر سے سیاہ دھواں خارج ہونے،غیر معیاری ایندھن جلانے،فضائی (آلودگی سموگ)کا باعث بننے کے علاوہ اردگرد کے رہائشیوں کیلئے مختلف بیماریوں کی وجہ بننے پرکھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڑ پر عوامی پیپر بورڈکے بوائلر کو سیل اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔انسپکٹر ماحولیات نے بتایا کہ سموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور فیکٹریز وبھٹوں سے زہریلے دھواں کے اخراج،فصلوں کی باقیات اور غیر معیاری ایندھن جلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔