Live Updates

این اے 133 ؛ الیکشن کمیشن نے جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کردیے

تمام تر الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں‘ دونوں تجویز کنندگان سال 2018ء سے بلاک کوڈ 259110108 کے ووٹرہیں۔ الیکشن کمیشن

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اکتوبر 2021 14:00

این اے 133 ؛ الیکشن کمیشن نے جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کردیے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 اکتوبر 2021ء ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے الزامات مسترد کردیے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تجویز کنندگان کا ووٹ سال 2018ء سے ہی حلقہ این اے 130 میں درج ہے، دونوں تجویز کنندگان 2018 سے بلاک کوڈ 259110108 کے ووٹرہیں ، ثبوت کے طور پر 2018ء کی انتخابی فہرست کا متعلقہ حصہ میڈیا کے سامنے ہے ، اس لیے لگائے گئے تمام تر الزامات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور کورننگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ نے ضمنی الیکشن این اے133 کیلئے کاغذات نامزدگی پر ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹراعجاز چوہدری ، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید اقبال چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کی جائے گی ، الیکشن کمیشن کو چاہیے انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے اور اس چھوٹے حادثے کو بڑا حادثہ بنانے کی کوشش نہ کرے ، خوشی تب ہوگی جب مسلم لیگ ن خود اپنے اعتراضات کو واپس لے لیکن مسلم لیگ ن آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں ، ان کو چاہیے تکنیکی وجوہات کے پیچھے چھپنے کے بجائے الیکشن لڑیں ، میرے الیکشن لڑنے میں کسی کی کوئی سازش یا بدنیتی شامل نہیں ہے، ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی نے جمہوری انداز میں کیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ واضح رہے الیکشن کمشین نے این اے133ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے، دونوں میاں بیوی کا تجویز کنندہ ماڈل ٹاون کا رہائشی ہے، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 60 کے تحت تجویز کنندہ اور تائید کنندہ موجودہ حلقہ کا ہونا چاہیے۔ نصیر احمد بھٹہ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 60 کے تحت تجویز کنندہ اور تائید کنندہ موجودہ حلقہ کا ہونا چاہیے، الیکشن رولز کے تحت جمشید اقبال چیمہ الیکشن لڑنے کے لیے نااہل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات