Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے ہیں،علی امین گنڈاپور

حکومت اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد رکھی جا سکتی ہے،وفاقی وزیر کا پیغام

اتوار 31 اکتوبر 2021 18:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے گلگت بلتستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن گلگت بلتستان کی تاریخ میں اہم ترین دن ہے ، انہوں نے کہا کہ آج سے 74 سال قبل گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی لازوال قربانیوں کے ذریعے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں گلگت بلتستان کے عوام نے محب وطن پاکستانیوں کی طرح ہر موقع پر پاکستان سے اپنی گہری محبت کا اظہار کیا ہے جسے پورے پاکستان کے عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے گلگت بلتستان کو بے پناہ خوبصورتی سے نواز رکھا ہے جس سے بھرپور انداز میں استفادہ حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے ہیں ، انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد رکھی جا سکتی ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال گلگت بلتستان کے انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کی حکومت نے گلگت بلتستان کی ستر سال کی محرومیاں کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں 370 ارب روپے کی لاگت سے کئی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور مستقبل قریب میں یہ خطہ پاکستان کے معاشی بیس کیمپ کے طور پو جانا جائے گا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ دینے پر بھی پیشرفت تیزی سے جاری ہے جس سے گلگت بلتستان کے عوام کی ایک دیرینہ خواہش پوری ہو جائے گی ، انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اور اس ضمن میں تمام ممکن وسائل کی فراہمی جاری رکھے گی-
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات