ٓ شہید اسلام مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، مولانا حامد الحق حقانی

مولانا سمیع الحق کی دینی ، قومی،جہادی اور سیاسی خدمات کے اعتراف میں کل دن ایک بجے پشاور میں پروقار قومی کانفرنس منعقد ہو گی ی* کانفرنس موجودہ حالات میں ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی،بیان

اتوار 31 اکتوبر 2021 18:40

۷ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اکتوبر2021ء) جمعیت علما اسلام کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ شہید اسلام شہید پاکستان مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ان کی ساری زندگی اسلام اور پاکستان کے دفاع کے لئے جدو جہد میں گزری۔

مولانا سمیع الحق شہید کی دینی ، قومی،جہادی اور سیاسی خدمات کے اعتراف میں دو نومبر بروز منگل دن ایک بجے پشاور میں ایک پروقار قومی کانفرنس منعقد ہورہی ہے ان شائ اللہ، جس میں ملک بھر سے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین نے کانفرنس میں شرکت کی حامی بھر لی ہے ، یہ کانفرنس موجودہ حالات میں ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کے بارے میں انہوں نے بتایاکہ آپ نے ہمیشہ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ،پاکستان اور افغانستان میں قیام امن کے لئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے اسی طرح فرقہ واریت او رملک میں دیگر فتنوں کی سرکوبی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے اور امت مسلمہ کی یکجہتی اور تمام مظلوم اقوام کی پشتیبانی اور حمایت کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے۔

مولانا حامد الحق حقانی نے اہلیان پاکستان علما کرام، طلبا اور عوام الناس سے یہ اپیل کی کہ وہ اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اوردنیا کو یہ پیغام دیں کہ مولانا سمیع الحق شہید کا مشن اور نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔واضح رہے کہ اس موقع پر حضرت مولانا سمیع الحق شہید کی حیات و خدمات پر ماہنامہ ''الحق'' کی خصوصی اشاعت جو چار جلدوں پر مشتمل ہے کی تقریب رونمائی ہوگی۔پروگرام میں قومی سیاسی مذہبی قائدین شرکت فرمائیں گے جبکہ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔... اعجاز خان