محکمہ صحت کراچی میں کورونا19کے سامان میں10 کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کی تحقیقات قومی احتساب بیورو( نیب )سندھ نے شروع کر دی

پیر 1 نومبر 2021 18:18

محکمہ صحت کراچی میں کورونا19کے سامان میں10 کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2021ء) محکمہ صحت کراچی میں کورونا19کے سامان میں10 کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ خورد برد کی تحقیقات قومی احتساب بیورو( نیب )سندھ نے شروع کر دی ہے۔نیب نے اس حوالے سے تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا ہے ،اسکینڈل کے مرکزی کردار خلیل بھٹو کی جانب سے سیکریٹر ی صحت کی متوقع تبدیلی کے ساتھ دوبارہ پرانے منصب پر بحالی کی کوششیں بھی دم توڑ گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق کورونا 19کی پہلی لہر کے دوران محکمہ صحت کراچی میںکروڑوں روپے کے مبینہ اسکینڈل کی محکمہ صحت سندھ نے ادھوری تحقیقات کی تھی تاہم اب یہ معاملہ نیب سندھ نے سنبھال لیا ہے۔قومی احتساب بیورو سندھ کی جانب سے کورونا سامان کی خریداری کا ریکارڈ طلب کرنے پر محکمہ صحت کراچی کے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان نے نیب کو مذکورہ ریکارڈ فراہم کر دیا ہے جس سے ایک بار پھر محکمہ جاتی تحقیقات کرنے والے افسران میں ہلچل مچ گئی ہے جس میں سابق ڈائریکٹر کراچی ڈاکٹر ندیم شیخ سر فہرست بتائے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈاکٹر ندیم شیخ نے اپنی تعیناتی کے فوری بعد خلیل بھٹو کو مذکورہ اسکینڈل کا مرکزی کردار ظاہر کر کے بعد ازاں حیرت انگیز طور پر یہ مئوقف اختیار کر لیا تھا کہ یہ ان کا مینڈنٹ نہیں ہے جبکہ چیف لیگل آفیسر ڈاکٹر سکندر علی میمن نے خلیل بھٹو کو10کروڑ روپے کے مبینہ غبن میں ملوث بتایا تھا اور سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی نے خلیل بھٹو کے خلاف ابتدائی انضباطی کارروائی کر تے ہوئے ان کا ضلع سکھر میں تبادلہ کر دیا تھا اور خلیل بھٹو ایڈمن آفیسر و اکائونٹنٹ نے مذکورہ حکم پر عمل کرتے ہوئے رسمی طور پر سکھر جا کر جوائننگ تو دیدی تھی لیکن جوائننگ دیتے ہی عارضہ قلب کی بیماری کا سرٹیفکیٹ دے کر تاحال سکھر میں ایک دن بھی ڈیوٹی نہیں کی بلکہ حیرت انگیز طور پر سیکریٹری صحت ڈاکٹر خادم حسین جتوئی کے متوقع تبادلے کے باعث وزیر صحت کے اسٹاف آفیسر فہیم چاچڑ کے ذریعے دوبارہ پرانے منصب پر بحالی کے معاملات طے کر لئے تھے جو نیب کی مداخلت کے باعث کھٹائی میں پڑ گئے ہیں اس صورتحال میں محکمہ صحت کراچی میں کورونا فنڈز میں10کروڑ روپے کے مبینہ گھپلے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے ۔

#