چیئرمین رائو محمد اجمل خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس

آئندہ سال کیلئے گندم کی امدادی قیمت کا اعلان ایک ہفتہ کے اندر کابینہ کی منظوری کے بعد کر دیا جائیگا ، کمیٹی کو آگاہی کمیٹی کی آئندہ سال کیلئے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت 2200روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز

پیر 1 نومبر 2021 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2021ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کو بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال کیلئے گندم کی امدادی قیمت کا اعلان ایک ہفتہ کے اندر کابینہ کی منظوری کے بعد کر دیا جائے گاجبکہ کمیٹی نے آئندہ سال کیلئے گندم کی کم سے کم امدادی قیمت 2200 روپے فی من مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کا اجلاس چیئرمین رائو محمد اجمل خان کی زیر صدارت قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (این اے آر سی) میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے کمیٹی کو این اے آر سی سے لہسن کے بیج کی چوری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس حوالہ سے انکوائری کا انعقاد کیا گیا اور ذمہ داروں کا تعین کرکے مزید تحقیقات کیلئے کیس ایف آئی اے کو بھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال کیلئے گندم کی امدادی قیمت کا اعلان ایک ہفتہ کے اندر کابینہ کی منظوری کے بعد کر دیا جائے گا۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ گندم کی کم سے کم امدادی قیمت آئندہ سال کیلئے 2200 روپے فی من مقرر کی جائے۔ کمیٹی نے نیشنل فوڈ سیفٹی، اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2021 پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جس کو رکن قومی اسمبلی رائے محمد مرتضی اقبال نے پیش کیا تھا۔

فیصلہ کیا گیا کہ وزارت باہمی اتفاق سے مجوزہ قانون سازی کو حتمی کرے گی اور اس کا حتمی مسودہ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی اس معاملہ پر ایک ذیلی کمیٹی قائم کی ہے جس کے کنوینئر میاں محمد شفیق ہوں گے جبکہ ممبران اراکین اسمبلی میں محمد ابراہیم خان، سید جاوید علی شاہ جیلانی اور ریاض الحق ہوں گے۔ ذیلی کمیٹی کپاس کی پیداوار میں کمی کی وجوہات کا تعین کرے گی اور اس میں اضافہ کیلئے تجاویز پیش کرے گی۔ اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی محمد مرتضی اقبال، میاں محمد شفیق، محمد ابراہیم خان، نوشین حامد، سید جاوید علی شاہ جیلانی، کمال الدین، ذوالفقار بچانی، ریاض پیرزادہ، نصرت وحید سمیت وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اور تجارت کے اعلی افسران نے شرکت کی۔