ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کاگلگت بلتستان کی74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

آزادی کی قدرو منزلت کا اندازہ ان قوموں کی تکالیف و اضطراب سے لگایا جاسکتا ہے،جنھیں یہ نعمت حاصل نہیں، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان

پیر 1 نومبر 2021 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2021ء) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گلگت بلتستان کی74ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کرنل حسن کی قیادت میں انتہائی بے سروسامانی کے عالم میں قابض ڈوگرہ راج جیسی استبدادی قوت کو شکست فاش دے کر آزادی حاصل کی بعد ازاں جنوری 1948 میں رضاکارانہ طور پر پاکستان سے الحاق کیا جو کے قرارداد کراچی کہلایا۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ یہ آزادی بہت ہی بیش قیمت ہے اور ہمیں اس کے تحفظ کے لیے یک دل ہو کر سعی کرنا چاہیے۔ آزادی کی قدرو منزلت کا اندازہ ان قوموں کی تکالیف و اضطراب سے لگایا جاسکتا ہے،جنھیں یہ نعمت حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

لہذا یہ قوم کے ہر اک فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مساعی جمیلہ سے حاصل شدہ نعمت کی قدر کرے اور اس کی مضبوطی واستحکام کے لیے اپنا فریضہ بہ احسن نبھائے۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ جنگ آزادی گلگت بلتستان کے شہدا پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوام کو آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع فراہم کیاان کی بہادری،دلیری لازوال ہے۔1948میں رضاکارانہ طور پر الحاق پاکستان کا یہ فیصلہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے سنہری مستقبل کا پیش خیمہ ثابت ہوا آج جو سہولیات اور ترقی گلگت بلتستان کی عوام کو میسر ہیں یہ اس ہی فیصلے کا ثمر ہے۔ ہم گلگت بلتستان کی عوام کو ان کی تاریخی جدو جہد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔