مولانا عبدالحق ہاشمی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں آئندہ تین سال کیلئے جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان کے امیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

پیر 1 نومبر 2021 23:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2021ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان شیخ القرآن والحدیث حضرت مولانا عبدالحق ہاشمی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں آئندہ تین سال یکم نومبر 2021سے 31اکتوبر 2024تک جماعت اسلامی صوبہ بلوچستان کے امیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔ سادہ تقریب حلف برداری میں نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر ، قائمقام امیر ضلع کوئٹہ ڈاکٹر نعمت اللہ ،صوبائی سیکرٹریٹ اطلاعات عبدالولی خان شاکر ،جے آئی یوتھ کے صوبائی جنرل سیکرٹری نقیب اللہ اخوانی ، افتخاراحمدکاکڑ،حاجی صدیق اللہ ،حاجی نصیب اللہ ودیگر ارکان وکارکنان اورذمہ داران بھی موجود تھیں اس موقع پر نومنتخب امیر صوبہ مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کی پڑھی لکھی، محبت وطن اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد کی انقلابی حقیقی جمہور ی پارٹی ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ہی بلوچستان کو خوشحال اور پاکستان کو اسلامی بنائیگی بلوچستان کے گھمبیر مسائل کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔ہم بلوچستان کو حقیقی دیانت دار ایماندار قیادت دیں گے ۔اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے میں ہمیں مولانا ابو الاعلیٰ مودود ی ؒ کا پیروکار بنایا اور دین کی خدمت کا موقع بخشا ۔ ہماری تاریخی جدوجہد اورخدمات دونوں ہی عوام کے سامنے ہیں۔

جماعت اسلامی کی ساری جدوجہدکا محورو مرکز ملک میں نظام مصطفیٰ کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی کا ماضی تابناک اور مستقبل روشن ہے۔سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒنے جو پودا لگایا تھا آج وہ اللہ کے فضل و کرم سے ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ اس تحریک کے زیر اثر پاکستان کے اسلامی تشخص کوبرقرار رکھنے کی خاطر اور سوشلزم، سیکولر ازم کا مقابلہ کرنے کے لئے جو افراد تیار کیے گئے وہ انمول شخصیت کے مالک تھے ۔

جن میں میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد، سید منور حسن، ڈاکٹر نذیر شہید ، پروفیسر غفور احمد، پروفیسر خورشید احمد اورنعمت اللہ خان سمیت ایک لمبی فہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی غلبہ اسلام کی تحریک ہے۔ اللہ اور اس کے رسول کے راستے پر چلنے والے کبھی ناکام نہیں ہوسکتے۔ دنیا و آخرت صرف انہی لوگوں کا مقدر ہوگی جو دنیاوی مفادات سے لاتعلق ہو کر اللہ کی خاطر فنا ہونے کو ترجیح دیتے ہیں۔

نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اس موقع پر کہا کہ اللہ کی نصرت کے بغیر ذمہ داریوں کے تقاضے کو پورا نہیں کیا جا سکتا ۔سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ نے اس تحریک کی بنیاد اس لئے رکھی کہ انبیاء کا یہ راستہ ہے ۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا، یہاں اللہ کا دین ہی نفاذ العم ہوسکتا ہے۔ 74برسوں میں سوشلزم اور سیکولر ازم دونوں کو ہی آزما کر دیکھ لیا ۔

اب محمد رسول اللہ کے لائے ہوئے نظام کو رائج کرنے کی باری ہے۔ ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسی میں پنہاں ہے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور سوچی سمجھی سازش کے تحت اس کی بنیادوں کو کمزور کیا جارہا ہے۔ ہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو کسی طور پر بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں۔