گنے کی بروقت کرشنگ شروع نہ ہونے سے سندھ کے کاشتکاروں کا نقصان ہورہاہے ،ڈاکٹر ارباب غلام رحیم

منگل 2 نومبر 2021 18:10

حیدرآباد۔2نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔  2 نومبر2021ء) :وزیر اعظم پاکستان عمرا ن خان کے معاون خصوصی برائے امورِ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبہ میں گنے کا سیزن شروع ہو نے کے باوجود کرشنگ شروع نہیں کی گئی ہے جس سے سندھ میں گنے کے کاشتکاروں کو نقصان اور افراطِ زر پیدا ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گذشتہ ماہ 29اکتوبر اپنے  تحریر کردہ خط میں لکھاہے کہ ضابطہ کے مطابق سندھ میں گنے کی کرشنگ ہر سال یکم اکتوبر کو شروع ہو جانا چاہیئے تاہم حکومت سندھ نے جان بوجھ کر تاخیری حربے اختیار کئے اور گنے کی کرشنگ شروع نہیں کی جس کا نقصان گنے کے کاشتکاروں کو ہو رہا ہے گنا سوکھ رہا ہے جس سے اس کے وزن میں کمی آرہی ہے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت افراطِ زر کا رونا روتی رہتی ہے لیکن اب جب کہ یہ مکمل صوبائی معاملہ ہے تو گنے کی کرشنگ بروقت کیوں شروع نہیں کی گئی ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے تجویز دی تھی کہ یکم اکتوبر نہیں تو یکم نومبر کو ہی گنے کی کرشنگ شروع کردی جائے لیکن سندھ حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی اور تاحال سندھ میں گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہو ئی ہے جس کا تمام تر نقصان گنے کے کاشتکاروں کو ہورہا ہے مزید بتایا جاتا ہے کہ اس عمل سے چینی مزید مہنگی ہو نے کا خدشہ بھی موجود ہے -