کویت کے ویزے کھلنے پر پاکستانیوں کے لیے اہم وضاحت آگئی

پاکستان سمیت 07 ممالک کو کویت کا ویزا لینے کے لیے خصوصی اجازت درکار ہو گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 نومبر 2021 11:47

کویت کے ویزے کھلنے پر پاکستانیوں کے لیے اہم وضاحت آگئی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 نومبر 2021ء ) کویت کے ویزے کھلنے پر پاکستانیوں کے لیے اہم وضاحت آگئی ، پاکستان سمیت 7 ممالک کے تارکین وطن کو کویت کے ویزا کے لیے درخواست دینے کے لیے خصوصی اجازت درکار ہو گی ۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے اپنی خدمات کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے کمرشل ، فیملی اور وزٹ ویزوں کے لیے ویزا کی درخواستیں قبول کرنا شروع کر دی ہیں ، اگرچہ 53 ممالک کے لیے ویزے کھولے گئے ہیں لیکن اس فیصلے میں 7 ممالک عراق ، یمن ، ایران ، شام ، پاکستان ، بنگلہ دیش اور سوڈان کے شہری شامل نہیں ہیں ، ان ممالک کی قومیتوں کو کاروبار ، کام یا فیملی ویزا جاری نہیں کیا جاتا لیکن ان ممالک کو وزارت داخلہ کی خصوصی منظوری سے ویزے جاری کیے جا سکتے ہیں ، ماضی میں محکمہ پورٹس اور پاسپورٹ نے ہوائی اڈے آمد پر متعدد پاسپورٹ ہولڈرز کو سیاحتی ویزے جاری کیے تھے فی الحال یہ سروس معطل ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس قسم کا ویزا بہت جلد آن لائن دستیاب ہوگا اور جو شخص کویت آنا چاہتا ہے اسے وزارت داخلہ کی ویب سائٹ کے ذریعے پیشگی درخواست دینا ہوگی جس کے لیے پی سی آر اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازم ہیں۔ خیال رہے کہ خلیجی ملک کویت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کی ویکسی نیشن کی شرط کے ساتھ 53 ممالک کے لیے فیملی اور ٹورسٹ ویزا کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے معمول کی زندگی کی بتدریج واپسی کے منصوبے کے پانچویں مرحلے میں منظور شدہ ویکسین کے ساتھ کویت میں داخلے کے لئے تمام قسم کے ویزے دوبارہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے ، ویزے کے حصول کیلئے کویت کی طرف سے منظور شدہ اینٹی کورونا وائرس ویکسین کے وصول کنندگان کو کورونا وبائی مرض سے متعلق حکومتی اقدامات سے قبل نافذ العمل قواعد و ضوابط کے مطابق عمل کرنا ہو گا۔