وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کا سول اسپتال کراچی کی سولرائزیشن کا افتتاح

سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے سول ہسپتال کی سولرائزیشن کا منصوبہ ہسپتال ایک تہائی بجلی ضروریات پورا کرسکے گا

جمعرات 4 نومبر 2021 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2021ء) وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے سول ہسپتال کراچی میں سولرائزیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر عالمی بنک کے ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر گوانگژی شن ( Guangzhe Chen), کے علاوہ اولیور نائٹ ( Oliver Knight)، سیکریٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی، سول ہسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نور محمد سومرو اور دیگر افسران موجود تھے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے عالمی معاہدوں کی پابند ہے اور سندھ حکومت توانائی کے متبادل، شفاف اور قابلِ تجدید منصوبوں میں انتہائی تیزی سے پیش رفت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت سندھ کے 37 ہسپتالوں کو تیزی سے سولرائز کیا جارہا ہے جن میں سول ہسپتال کراچی سمیت کراچی کے دیگر 7 سرکاری ہسپتال بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت عالمی بنک کے تعاون سے صوبے کے دوردراز علاقوں میں گھروں کو شمسی بجلی پر لانے کے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے جس سے دیہاتوں میں رہنے والے غریب لوگوں تک شفاف بجلی پہنچائی جاسکے گی جس سے لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے سول ہسپتال کی سولرائزیشن کے منصوبے کو مکمل کرنے پر عالمی بنک کے افسران کے تعاون اور محکمہ توانائی سندھ کے سولر انرجی پراجیکٹ کے افسران اور اسٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ سول ہسپتال کی سولرائزیشن پراجیکٹ پر عالمی بنک کے تعاون سے 900000 امریکی ڈالر کی لاگت سے پیدا ہونے والی ۔ بجلی سول ہسپتال کراچی کی بجلی ضروریات کی ایک تہائی ضروریات پورا کرسکے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول ہسپتال کراچی کی سولرائزیش کے پراجیکٹ سے 1851 ٹن سالانہ کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کی پیدائش سے بچا جاسکے گا۔