اے این پی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد، واپس لینے کا مطالبہ کردیا

جمعہ 5 نومبر 2021 23:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار مہینے کی پانچویں تاریخ کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آدھی رات کو اضافہ کردیا گیا۔

گذشتہ روز ایک تقریر میں عوام کو سبزباغات دکھائے گئے لیکن حقیقت نوٹیفیکیشن میں نظر آگئی ہے۔عالمی مالیاتی ادارے کے حکم پر پہلے بجلی اور اب پٹرولیم لیوی بڑھا کر عوام کا جینا مشکل سے مشکل ترین کردیا گیا۔65روپے فی لیٹر پر چیخنے والے آج 145روپے پر مطمئن نظر آرہے ہیں، تین سال میں 53 روپے کا اضافہ ظلم کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

اسفندیارولی خان نے مزید کہا کہ قرضے پر قرضہ لیا جارہا ہے، بجلی، گیس، دالیں، چینی، آٹا غرض ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

عوامی ریلیف کی بجائے موجودہ حکمران عوام کو خودکشیوں پر مجبور کررہے ہیں۔کہاں ہیں وہ ارسطو جو کہتے تھے پٹرول 44 روپے فی لیٹر ہونا چاہئیے، چینی کی قیمت 150 روپے تک پہنچ چکی ہے۔پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی گئی جس کا سامنا آج غریب عوام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مہنگائی کا بہانا کرکے عوام کو یہ نہیں بتایا جاتا کہ مقامی مصنوعات کی قیمتوں کو کیوں پًر لگ گئے ہیں ۔اتنے مطمئن نااہل، نالائق اور جھوٹے حکمران پاکستانیوں نے کبھی دیکھے ہیں نہ مستقبل میں دیکھیں گے۔موجودہ مسائل کا واحد حل اس حکومت سے نجات ہے جس کے لئے عوام کو ہر صورت نکلنا ہوگا۔