خیبرپختونخوا سپیشل گیمز پشاور میں شروع

ہفتہ 6 نومبر 2021 00:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2021ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز کے زیر اہتمام29 ویں خیبرپختونخواسپیشل گیمزگزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئیں‘افتتاحی تقریب کے موقع پرصوبائی وزیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش مہمان خصوصی تھے جنہوں نے باقاعدہ طور پر کھیلوں کاافتتاح کیا ‘ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیار خان خٹک‘ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز سید ثقلین شاہ ‘ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا ‘ڈی ایس او پشاور تحسین اللہ خان ‘ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل‘جعفر شاہ ‘ڈائریکٹر یوتھ سلیم جان مروت‘ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی‘ڈپٹی ڈائریکٹر طارق خان ‘ڈپٹی ڈائریکٹر اکائونٹس امجد اقبال سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘34 ایونٹس میں شریک صوبہ بھر سے 500 سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جنہوں نے افتتاحی تقریب کے موقع پر مارچ پاسٹ کیا ‘قومی ترانہ بجایا گیا ‘صوبائی وزیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے باقاعدہ طور پر مقابلے شروع ہونے کا اعلان کیا ‘ صوبائی وزیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے حال ہی میں پشاور میں انٹرنیشنل باکسنگ مقابلوں اور خیبرپختونخوا آل پاکستان ہاکی لیگ کا کامیاب انعقاد اس کا بین ثبوت ہیں اس کیساتھ ساتھ صوبہ بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس 1300 کھلاڑیوں کوماہانہ وظائف بھی دے رہا ہے سپیشل افراد کے سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد یہی ہے کہ ہم کسی بھی طور اور کسی بھی لمحے ان خصوصی افراد کو نہیں بھلا سکتے اور انہیں دیگر کھلاڑیوں کی طرح سپورٹس فیسٹیول میں مواقع دئیے جاتے ہیں جس کا مقصد انہیں صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہیں انہوں نے کہا کہ پشاور میں جاری ان مقابلوں میں ایسے خصوصی افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں میں ملک وقوم کا نام روشن کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے اور ہم انہیں سپورٹ کرتے رہیں گے ‘انہوں نے کہا کہ گیمز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں‘ وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوامیں دوسرے کھلاڑیوں کی طرح سپیشل کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگرکرکے انہیں سامنے لانے کیلئے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ بھر پور اندازمیں کام کررہا ہے،تمام کھلاڑیوں کو کٹس ٹی اے ڈی اے ، کیش انعامات اور بہترین رہائش مہیا کی گئی ہے امید کی جارہی ہے کہ ان گیمز میں کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں گی