مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس (آج) ہفتہ کوطلب کرلیا

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا

جمعہ 5 نومبر 2021 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2021ء) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس (آج) ہفتہ کوطلب کرلیا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کی قیادت وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریگی، اجلاس (آج) ہفتہ کے روز سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگا، جس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے پی ڈی ایم کے ہونے والے اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محمود خان اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیر پاؤ بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور مولانا اویس نورانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر قائدین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں دس نومبر کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس سے ای وی ایم، ای ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت اٹھارہ بل پاس کروائے جائیں گے۔اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا