نااہل حکمرانوں نے مہنگائی کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں: رانا مبشر اقبال

مہنگائی کی وجہ سے غریب لوگ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ملک کے موجودہ حکمران نااہل ہیں اور کچھ نہیں جانتے کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے،لیگی ایم این اے

ہفتہ 6 نومبر 2021 18:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ غریب آدمی اس وقت مہنگائی کی چکی میں پس چکا ہے اور ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے غریب لوگ خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ، حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ غریب لوگ مہنگائی سے تنگ آکر اپنے بچوں کو زہر دے کر خود بھی زہر پی کر خودکشی کررہے ہیں ، انھوںنے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے مہنگائی کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں غریب عوام مہنگائی کے باعث فاقے کررہے ہیں ، مہنگائی سے سب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہوا ہے عوام سے جینے کا حق بھی چھینا جارہاہے، ہر چیز کے مہنگے ہونے پر عوام کی پریشانی بڑھتی جا رہی ہے، غربت افلاس بیروزگاری نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا سونامی بے قابوہوچکا ہے،عوام دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، 50 لاکھ نوکریاں دینے والوں نے ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو بیروزگار کردیاہے،لاکھوں افرادکے سر سے چھت چھین لی گئی ہے، ہر شعبہ زندگی متاثر ہے،غریب عوام دو وقت کی روٹی کا محتاج بنا ہوا ہے، اس کا ذمہ دار طبقہ حکومت میں شامل ہے جو کبھی آٹا ذخیرہ کرتا ہے،بیرون ملک فروخت کرتا ہے تو کبھی چینی کا بحران پیدا کرکے مال کماتا ہے لیکن حکومت کے دعوے ہی ختم نہیں ہوتے،آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر فیصلے کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عام استعمال کی ہر شے پر ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور سبسڈیاں ختم کی جارہی ہیں، آٹا، چینی، گھی وغیرہ کی قیمتیں بڑھنے سے زندگی اجیرن ہو گئی ہے، نا اہل حکمران ملک میں آٹے، چینی کے بحران اور قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار ہیں اور اس نے ملک کے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، ملک کے موجودہ حکمران نااہل ہیں اور کچھ نہیں جانتے کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے۔