تحریک لبیک نے 11 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا

تحریک لبیک اپنے معاہدے پر قائم ہے اب عرس علامہ خادم رضوی کی تیاری کی جائے گی۔ ترجمان ٹی ایل پی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 نومبر 2021 15:51

تحریک لبیک نے 11 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 نومبر 2021ء) : تحریک لبیک کے مظاہرین نے وزیر آباد میں 11 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت کے ساتھ ہوئے معاہدے کے عین مطابق ہم اب مسجد رحمتہ اللعالمین جائیں گے، تحریک لبیک نے 50 فیصد معاہدہ پورا ہونے پر وزیر آباد دھرنا واپس مسجد رحمتہ اللعالمین منتقل کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ تحریک لبیک اپنے معاہدے پر قائم ہے اب عرس علامہ خادم رضوی کی تیاری کی جائے گی۔ ترجمان ٹی ایل پی کے مطابق عرس علامہ خادم حسین رضوی 19 تا 21 نومبر مرکز مسجد رحمتہ اللعالمین پر ہو گا، عرس علامہ حافظ خادم حسین رضوی پر علامہ سعد حسین رضوی ہمارے ساتھ ہوں گے۔ تمام ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ اب حکومت کو چاہئیے کہ مقررہ مدت میں تحریک لبیک سے معاہدہ مکمل کرے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی پر وفاقی کابینہ نے مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کا نوٹیفکیشن کچھ دیر میں جاری کردیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کالعدم تحریک لبیک سے پابندی ہٹانےکا نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی۔خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے وفاقی کا بینہ کو کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ تنظیم نے آئندہ پُرتشدد نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سمری کے مطابق ٹی ایل پی مستقبل میں آئین پاکستان اور ملک کے قوانین کا احترام کرے گی۔سمری میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے تنظیم سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ تنظیم کی یقین دہانی اور وسیع قومی مفاد میں کیا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ کالعدم لکھنے کی سفارش ابتدائی طور پر منظور کرکے کالعدم ختم کرانے سے متعلق وفاقی کابینہ کی منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔