Live Updates

ملک میں ہمیشہ کیلئے عام انتخابات کو شفاف بنانے کا راستہ انتخابی اصلاحات ہیں ‘ چوہدری سرور

سیاسی مخالفین کی’’میں نے مانوں ‘‘کی سیاست جمہوریت اور ملک وقوم کے مفاد میں نہیں‘ گورنرپنجاب

پیر 8 نومبر 2021 17:39

ملک میں ہمیشہ کیلئے عام انتخابات کو شفاف بنانے کا راستہ انتخابی اصلاحات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ملک میں ہمیشہ کیلئے عام انتخابات کو شفاف بنانے کا راستہ انتخابی اصلاحات ہیں اگر اپوزیشن انتخابات کو دھاندلی سے پاک کر نا چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات میں رکاوٹیں کیوں ڈال رہی ہے سیاسی مخالفین کی’’میں نے مانوں ‘‘کی سیاست جمہوریت اور ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔

حکومت عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ 120ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی عوام کو مہنگائی کی مشکلات سے بچانا ہے ۔ وہ گور نر ہائوس لاہور میں مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقاتوں کے دوران سیاسی اور حکومت امور کے علاوہ دیگر ایشوز پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے ہی حکومت کے خلاف منفی پروپگنڈہ کر نے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور حکومت کے اچھے کاموں کو بھی یہ لوگ اپنے سیاسی مفادات کے لیے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں مگر عوام اپوزیشن کے عزائم کو جانتے ہیں اس لیے عوام اپوزیشن جماعتوں کیساتھ پہلے کھڑے ہوئے ہیں اور نہ ہی آئندہ ہوں گے ۔

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس ویژن نام کی کوئی چیز نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بھی کسی ایک بیانیہ پرمتحد نہیں بلکہ وہاں بھی تمام جماعتیں اپنے اپنے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے اس تقسیم اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں مگر اپوزیشن کو ضرور نقصان ہوگا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے یہ لوگ سڑکوں پر آنے کی پالیسی کو تر ک کردیں اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور ملکی مفادات کو سامنے رکھیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات سمیت دیگر ایشوز پر حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ اگر اپوزیشن جماعتیں یہ سمجھتی ہیں کہ وہ احتجاج کے ذریعے حکومت کو گرانے میں کامیاب ہوجائیں گی تو ایسا کسی صور ت ممکن نہیں ہوسکتا ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحر یک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور جہاں تک مہنگائی کا تعلق ہے تو عوام کو اس مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نی(120) ایک سو بیس ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انشا اللہ آنیوالے دنوں میں مہنگائی کے خاتمے سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لیے حکومت مزیداقدمات کو یقینی بنائی گی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ بعدازں، گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپنے ایک ٹویٹ کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کی نفر ی میں مزید اضافے اور کشمیر یوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز بندوق اور گولی کی طاقت سے کشمیر یوں کی آواز کو دبا نہیں سکتی ۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں وہ دہشت گردبھارت کیخلاف اپنی تحر یک آزادی کو کامیاب بنانے کیلئے جد وجہد جاری رکھیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آج نہیں توکل ضرور کشمیر آزاد ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ 22کروڑ پاکستانی بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات