Live Updates

خیبر پختونخوا انٹر سکولز کرکٹ چیمپئن شپ نیو ایج پبلک سکول خیبرنے جیت لی

بدھ 10 نومبر 2021 00:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2021ء) نیو ایج پبلک سکول خیبر کی ٹیم نے پشاور میں جاری آل خیبرپختونخوا انٹر سکولز کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی گزشتہ روز پشاور کے حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے فائنل میں نیوایج پبلک سکول خیبر کا مقابلہ دی ایجوکیٹرز سکول نوشہرہ سے ہوا اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی مہمان خصوصی تھے ان کے ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس تاشفین حیدر‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک‘حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل‘کیئرٹیکر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس یاسر خان ‘ڈپٹی ڈائریکٹر نعمت اللہ‘سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘دی ایجوکیٹرز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اٹھائیس اوورز میں 152 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی‘نوید 48 اور ایاز 39 رنز کیساتھ نمایاں سکورر رہے‘نیوایج پبلک سکول کی جانب سے سلمان نے چار جبکہ امجد اور ہادی آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جواب میںنیوایج پبلک سکول خیبرکی ٹیم نے ہدف پچیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا جس میں ناہید علی 38 اور جنید خان 37 رنز کیساتھ نمایاں سکورر رہے دی ایجوکیٹرز کی جانب سے معاذ نے تین ‘طلحہ نے دو جبکہ اسفندیار خان نے ایک وکٹ حاصل کی ‘آخر میں ونر ٹیم کو ٹرافی اور ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور پچاس ہزار روپے کی نقد رقم انعام کے طور پر دی گئی چیمپئن شپ میں صوبہ بھر سے تین سو سے زائد ٹیموں نے شرکت کی جنہیں 74 پولز میں تقسیم کیا گیا تھا اور ہر پول میں چار چار ٹیمیں شامل تھیں‘نیو ایج پبلک سکول خیبر کی ٹیم اب لاہور میں ہونیوالے آل پاکستان انٹر سکولز چیمپئن شپ کے فائنل مرحلے میں صوبے کی نمائندگی کرے گی‘اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق انٹر سکولز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا اس سلسلے میں سپورٹس ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ تعلیم نے مشترکہ کاوش کے ذریعے ان مقابلوں کوکامیاب کرایا جس میں تین ہزار سے زائد سکول کے کرکٹرز نے شرکت کی اور اپنی بہترین صلاحیتوں کااظہار کیا جس سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آئے گا انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہماری ٹیم آل پاکستان انٹر سکولز آخری مرحلے میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے کوشاں ہے اور خیبرپختونخوا کھیلوں کا گڑھ بن چکا ہے یہاں بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں پشاور میں دو انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیمز کی تعمیر سے کھیل کے فروغ میں بھرپور مدد ملے گی اور ہم ہر سکول میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں جس کے مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات