سیاسی انتقام کے باعث سندھ حکومت نے کراچی میٹرو نہیں بنائی جبکہ پنڈی ملتان اور پشاور میٹرو پنجاب اور کے پی کے کی حکومتوں نے بنائی،امین الحق

گرین لائن منصوبے کا رواں ماہ ہی افتتاح متوقع ہے جبکہ ایم کیو ایم کی کوششوں سے کے فور منصوبہ اکتوبر 2023 میں مکمل ہوجائے گا۔ گزشتہ تین سال میں سندھ حکومت کو این ایف سی سے 2400 ارب روپے ملے لیکن اسکے باوجود سندھ میں مثالی یونین کونسل سندھ حکومت نہ بناسکی، پریس کلب میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 نومبر 2021 23:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2021ء) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہاہے کہ سیاسی انتقام کے باعث سندھ حکومت نے کراچی میٹرو نہیں بنائی جبکہ پنڈی ملتان اور پشاور میٹرو پنجاب اور کے پی کے کی حکومتوں نے بنائی۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں وزارت آئی ٹی کے تعاون سے صحافیوں کے لیے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔

انہوں نے کہاکہ گرین لائن منصوبے کا رواں ماہ ہی افتتاح متوقع ہے جبکہ ایم کیو ایم کی کوششوں سے کے فور منصوبہ اکتوبر 2023 میں مکمل ہوجائے گا۔ گزشتہ تین سال میں سندھ حکومت کو این ایف سی سے 2400 ارب روپے ملے لیکن اسکے باوجود سندھ میں مثالی یونین کونسل سندھ حکومت نہ بناسکی۔ انہوں نے بتایا کہ موٹروے جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے وزارت آئی ٹی نائن ڈبل ون کی طرز پر پاکستان میں ایمرجنسی ہیلپ کیلئے "پہل" نامی ایپ کرایا جارہاہے جسکا افتتاح جلد ہی وزیراعظم کریں گے۔

(جاری ہے)

امین الحق نے کہاکہ صحافیوں کیلئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو پر دس لاکھ روپے کے اخراجات کئے۔ مستقبل میں ڈیجیٹل اسٹوڈیو کیلئے مزید فنڈ بھی دیں گے۔ ایم کیو ایم میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایم ڈی اے کی پالیسی مخالفت کرتی ہے۔ آئندہ ماہ 55 کروڑ روپے کی لاگت سے لاڑکانہ اور قنمبر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کا پروگرام لانچ کرنے جارہے ہیں وزیر اعلی کو اس کا مل کر افتتاح کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پہلے بھی اندرون سندھ میں اربوں کے آئی ٹی منصوبے شروع کئے۔وزیراعلی سندھ سے کئی مرتبہ رابطہ کیا لیکن مثبت جواب نہیں ملا جب بھی وزیراعلی سندھ سے اورنگی ٹان اور لیاقت آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی بات کی جائے تو کوئی جواب نہیں ملتا۔ہم نے حکومت سندھ کے رویوں کے برعکس اندورن سندھ کئی آئی ٹی منصوبے شروع کئے۔ کراچی آئی ٹی پارک بنانے کیلئے کوریا کی کمپنی سے تمام معاملات پر تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔

آئندہ چند ماہ میں کراچی ایپ کے نام سے ایک منفرد ایپ لانچ کریں گے۔ وزیراعلی نے تو اس ایپ پر جواب نہیں دیا لیکن چیف سیکریٹری نے مثبت جواب دیا ہے۔کراچی پر لوگ اپنے آئی ڈی کارڈ,لائسنس اور دیگر کام گھر بیٹھے آن لائن کرواسکیں گے۔ بعد ازاں وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں کیلئے بنائے گئے ڈیجیٹل اسٹوڈیو کا افتتاح کیا جسکے نتیجے میں کراچی پریس کلب ڈیجیٹل اسٹوڈیو رکھنے والا پاکستان کا پہلا پریس کلب بن گیاہے۔ ڈیجیٹل اسٹوڈیو میں ٹی وی جرنلزم کی تمام سہولیات صحافیوں کو مفت دستیاب ہوں گی۔ تقریب سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی سیکریٹری رضوان بھٹی اور جنید امام نے بھی خطاب کیا۔