سندھ حکومت نے خریف کی فصل کے لیے ہاری کارڈ کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے زرعی پیکیج کا اعلان کردیا

سندھ حکومت ڈی اے پی،کپاس اور چاول کی فصل پر 1500روپے فی ایکڑپرکاشتکاروں کوسبسڈی دے گی،منظور وسان

اتوار 14 نومبر 2021 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2021ء) سندھ حکومت نے خریف کی فصل کے لیے ہاری کارڈ کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے زرعی مالی پیکیج کا اعلان کردیا۔وزیراعلی سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے اس ضمن میں بتایاکہ سندھ حکومت ڈی اے پی،کپاس اور چاول کی فصل پر 1500روپے فی ایکڑ پر کاشتکاروں کوسبسڈی دے گی،سفید مکھی(white,Fly) پر 1200 روپے فی ایکڑ کاشتکاروں کو سبسڈی دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ کے کاشتکاروں کو ہاری کارڈ پر سندھ بینک کے ذریعے 3 ہزار 607 ملین سبسڈی ملے گی۔کاٹن سیڈ پر خریف کے کاشتکاروں کو 1200روپے فی ایکڑ پردیئے جائیں گے،یہ سبسڈی سال 2021 کے خریف کی فصل پرکاشتکاروں کو ملے گی۔منظور وسان نے کہا کہ صوبے بھر میں متعلقہ زراعت کے افسران،اسسٹنٹ کمشنرز،سندھ آبادگاربورڈ اور ایگریکلچر چیمبر آف کامرس کے نمائندے تحصیل سطح پرنگرانی کریں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کسانوں سے درخوا ستیں وصول،فہرست اور ریونیو رکارڈ کے مطابق زمینوں کی تصدیق کرے گی۔مشیر زراعت نے کہا کہ وفاق سے پیسے دیر سے ملنے کی وجہ سے کاشتکاروں کو سبسڈی دینے میں دیر ہوئی ہے۔صوبے کے تمام چھوٹے کاشتکاروں کا سروے مکمل اور تحصیلوں میں درخواستیں لینا شروع کردی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر دیگر زرعی فصلوں پر بھی سبسڈی دینے کے لیے مزید حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔