اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑنے والے شخص کے صبر سے ڈرنا چاہیے، مریم نواز

اس میں ظالموں کیلئے بڑا سبق ہے، اس شخص سے ڈرو جو اپنا فیصلہ اللّہ پہ چھوڑ دے۔مرکزی نائب صدر مسلم لیگ کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 نومبر 2021 17:32

اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑنے والے شخص کے صبر سے ڈرنا چاہیے، مریم نواز
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑنے والے شخص کے صبر سے ڈرنا چاہیے، اس میں ظالموں کیلئے بڑا سبق ہے، اس شخص سے ڈرو جو اپنا فیصلہ اللّہ پہ چھوڑ دے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جو شخص اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دے، اس کے صبر سے ڈرنا چاہیے۔

اس میں ظالموں کے لیے بہت بڑا سبق ہے! اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سچائی منکشف کرنے کا اللہ تعالی کا اپنا طریقہ ہے۔ اس سچائی کا ظاہر ہونا نواز شریف اور مریم نواز کی بے گناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔مزید برآں اکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپوزیشن قائدین سے رابطہ کر کے پارلیمنٹ میں متحدہ کاوٹوں اور تعاون پر اظہار تشکر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، اے این پی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، شفیق ترین اور بلوچستان پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پی ٹی ایم کے محسن داوڑ کو ٹیلی فون کرکے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا، آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف سے کہا کہ پارلیمان کے ذریعے حکومت کی تمام پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے، پارلیمان وہ فورم ہے کہ جہاں عوامی نمائندگان عوام کا مقدمہ لڑتے ہیں، خوشی ہے کہ اپوزیشن نے مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے پارلیمان کے محاذ پر حکومت کو کئی بار شکست سے دوچار کیا۔