شہباز شریف کے اپوزیشن قائدین سے رابطے ،پارلیمنٹ میں تعاون پر اظہار تشکر

حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا،آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا،اپوزیشن لیڈر

پیر 15 نومبر 2021 22:18

شہباز شریف کے اپوزیشن قائدین سے رابطے ،پارلیمنٹ میں تعاون پر اظہار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپوزیشن قائدین سے ایک بار پھر رابطے کئے اور پارلیمنٹ میں متحدہ اپوزیشن کے کردار کو سراہا اور تعاون پر اظہار تشکر کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن ،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپائو، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل ، این پی کے مرکزی رہنما امیر حیدر ہوتی، شفیق ترین اور بلوچستان پارٹی کے ڈاکٹر عبداالمالک بلوچ ، محسن داوڑ ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلی فون کیا اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا،شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی متحدہ کاوشوں کو سراہا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا ،شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قومی اور عوامی مفاد میں بے مثال اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے،اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں کے اصولی موقف نے حکومت کو پسپائی پر مجبور کیا، انکا کہنا تھا کہ حکومتی بدنیتی اور کالے قوانین کے خلاف اپوزیشن اتحاد آئندہ مشترکہ اجلاس میں بھی اسی قوت سے بروئے کار آئے گا،آئین، عوام اور پارلیمنٹ کے خلاف ہر حکومتی اقدام کے سامنے اپوزیشن اتحاد کھڑا ہوگا۔