19دسمبرکو عوام پی ٹی آئی کی تابوت میں آخری کیل ٹھونک دینگے،قومی وطن پارٹی

منگل 16 نومبر 2021 00:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2021ء) آنے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے تحصیل متھرہ سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار اورضلع پشاور کے سینئر وائس چیئرمین امجد علی مہمند نے کہا ہے کہ 19دسمبرکو عوام پی ٹی آئی کی تابوت میں آخری کیل ٹونک کر ان سے ہوشربا مہنگائی اور بے روز گاری کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے قلعہ شاہ بیگ ضلع پشاور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امجد مہمند نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تین سالہ دور اقتدار عوام کیلئے عذاب سے کم نہیں کیونکہ آٹا،چینی،گھی،تیل،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے جس نے غریب عوام کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کردیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے عام انتخابات سے قبل عوام سے تبدیلی اور نئے پاکستان کے وعدے کئے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ملک و قوم کو 16ہزار ارب روپے کا مقروض کرکے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ڈالر اور تیل مصنوعات کی قیمتیں بارباربڑھنے سے مہنگائی کا طوفان برپا ہو گیا اور ہر چیز کی قیمت ڈبل سے بھی تجاوز کر گئی۔انھوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی میں عوام پی ٹی آئی کے امیدواروں کوبری طرح مسترد کرکے اپنا قیمتی ووٹ قومی وطن پارٹی کے امیدواروں کے حق میں استعمال کریں گی