Live Updates

ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، فواد چودھری

۔نواز شریف یا مریم نواز کی پیشی سے پہلے ایسی سازشیں ہمیشہ گھڑی جاتی رہی ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کاسوموٹو نوٹس لینا مناسب اقدام ہے ،ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی اور عمران خان کا ذاتی نہیں، قومی ایجنڈا ہے،وزیر اطلاعا ت و نشریات

منگل 16 نومبر 2021 22:45

ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، فواد چودھری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے،نواز شریف یا مریم نواز کی پیشی سے پہلے ایسی سازشیں ہمیشہ گھڑی جاتی رہی ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کاسوموٹو نوٹس لینا مناسب اقدام ہے ،ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی اور عمران خان کا ذاتی نہیں، قومی ایجنڈا ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضي میں نواز شریف کو جب سپریم کورٹ طلب کیا گیا تو ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کر دیا تھا، ن لیگ نے کل بھی عدلیہ پر حملہ کیا، ایک ایسے شخص کی طرف سے جعلی بیان سامنے لایا جو ن لیگ کے لیڈروں کا پروردہ ہے، کوئی شبہ نہیں ہے کہ یہ شخص لندن میں نواز شریف کے خرچے پر رہ رہا ہے، اس کے حلفیہ بیان کی فیس بھی نواز شریف فیملی نے ادا کی، حسین نواز اس معاملے کو ڈیل کر رہے ہیں، جب افراد کو اداروں کے خلاف استعمال کر کے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تو بحران پیدا ہوگا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوموٹو نوٹس لیا جو مناسب اقدام ہے، توہین عدالت پر ذمہ داران کو طلب کیا گیا ہے، اس معاملہ پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی اور عمران خان کا ذاتی نہیں، قومی ایجنڈا ہے، ہر الیکشن میں ہم اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہیں، جب اصلاحات کی طرف جاتے ہیں تو اپوزیشن شور مچانا شروع کر دیتی ہے، اپوزیشن آج کے اجلاس میں ہمارے ساتھ بیٹھے، ان ترامیم پر کھلے دل سے غور کرے، جن معاملات پر اپوزیشن کو ترامیم چاہئیں وہ لے آئے، اس پر بحث کرلیتے ہیں،اصلاحات لازمی ہیں، کل ہم یہ بل پاس کروا رہے ہیں، تمام اتحادیوں نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کھلے دل کے ساتھ آگے بڑھنے کو تیار ہیں، انتخابات، جوڈیشری، میڈیا اور سیاسی نظام میں اصلاحات پر ہم مل جل کر آگے بڑھنے کو تیار ہیں، بحیثیت وزیر اطلاعات جو بھی بات کی، حکومت اور کابینہ کی پالیسی کے تحت کی،انفرادی حیثیت سے الیکشن کمیشن اور اداروں کا احترام کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس موقف کو مثبت انداز میں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ میں جو بات کرتا ہوں بحثیت وزیر اطلاعات کرتا ہوں میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں امید ہے الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت لے گا ، اس وقت ملک کے سیاسی نظام ، میڈیا اور عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات