پی ٹی آئی عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے کروانا چاہتی ہے، اسفندیارولی خان

احتساب کے نام پر انتقام کے ڈرامے ہر روز واضح ہوتے چلے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کو سچ تسلیم کرنا ہوگا، سربراہ عوامی نیشنل پارٹی

بدھ 17 نومبر 2021 00:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے کروانا چاہتی ہے، احتساب کے نام پر انتقام کے ڈرامے ہر روز واضح ہوتے چلے جارہے ہیں، پی ٹی آئی کو سچ تسلیم کرنا ہوگا۔ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ جب بھی پی ٹی آئی کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت یا حقیقت سامنے آتی ہے تو عدالتوں اور آئینی اداروں پر حملے شروع کردیتے ہیں۔

فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ کرنیوالے عدالت عظمیٰ کے معزز جج کے خلاف غلیظ پروپیگنڈا کیا گیا۔ اس وقت پی ٹی آئی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی بلکہ ایک معزز جج کے خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کو بھی سچ کا سامنا کرنا ہوگا۔موجودہ حکومت بیساکھیوں کے سہارے کھڑی ہے اور لگ رہا ہے کہ بیساکھیاں اب ہٹنے والی ہے۔

عدلیہ کے اند سے ہی یہ تیسرا گواہ ہے جو سامنے آرہا ہے لیکن پی ٹی آئی اور ان کو لانیوالے آج بھی جواب نہیں دے رہے۔ اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ڈیم فنڈ کے نام پر عوام سے جو پیسے وصول کئے گئے اس کا بھی حساب دینا ہوگا۔ایک سابق چیف جسٹس نے جس طرح ملک کے معزز ترین عدالت کا استعمال کیا، عدلیہ کو خود ہی نوٹس لینا چاہئیے تھا۔آج اگر ایک صحافی صرف خبر دے رہا ہے تو اس کو شوکاز نوٹس جاری کیا جاتا ہے لیکن حکومتی اراکین جو کہتے ہیں انہیں کچھ نہیں کہا جارہا۔عدلیہ کو اپنا وقار خود قائم رکھنا ہوگا اور انصاف پر مبنی فیصلوں سے جواب دینا چاہئیے، ہم انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔