سعودی عرب دنیا کا سب سے بڑا تیرتا ہوا نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ بنائے گا

’اوکسا گون‘ (OXAGON) اوکساگون نیوم کے جنوب مغرب میں بہت بڑے علاقے میں قائم ہوگا ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 نومبر 2021 12:56

سعودی عرب دنیا کا سب سے بڑا تیرتا ہوا نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 نومبر 2021ء ) سعودی عرب دنیا کا سب سے بڑا تیرتا ہوا نیوم انڈسٹریل سٹی بنائے گا ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نیوم انڈسٹریل سٹی ’اوکسا گون‘ (OXAGON) قائم کرنے کا اعلان کردیا ۔ عرب نیوز نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اوکسا گون سٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناصرف نیوم بلکہ پورے سعودی عرب میں معاشی شرح نمو اور اقتصادی تنوع کا باعث بنے گا ، اس کی مدد سے سعودی وژن 2030ء کے اہداف کے حصول میں ہماری خواہشات بھی پوری ہوں گی کیوں کہ نیوم انڈسٹریل سٹی سے مستقبل میں صنعتی فروغ کے حوالے سے پوری دنیا کو نیا رجحان ملے گا ، یہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی ایک منفرد منصوبہ ثابت ہوگا جو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گا ، مملکت کا شرح نمو کا ہدف پورا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوکساگون علاقائی تجارت کے شعبے میں مملکت کا مدد گار بننے کے ساتھ خطے میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی کاروبار بھی لائے گا ، اس لیے مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ کاروبار اور نئے پن کا تصور انڈسٹریل سٹی کی سرزمین پر مجسم شکل میں نظر آنے لگا ہے ، اس حوالے سے تیز رفتار توسیع کا خواہش مند ہوں۔ اس حوالے سے نیوم کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر نظمی النصر نے کہا کہ اوکساگون نیوم کے جنوب مغرب میں بہت بڑے علاقے میں قائم ہوگا ، اوکساگون مینوفیکچرنگ سینٹرز کےعالمی تصور میں بنیادی تبدیلی لائے گا ، یہاں مکمل بندرگاہ کے اطراف بڑا تمدنی ماحول بنے گا ، یہاں لاجسٹک سہولتوں کا مرکز بھی واقع ہوگا جہاں انڈسٹریل سٹی کے لوگوں کو قیام کرنے کی سہولت ملے گی ، یہاں روبوٹ بھی ہوں گے ، اس منصوبے کے لیے ہمارے لیے زیادہ حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ ہمارے شراکت داروں نے اوکساگون میں منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ، یہ وہ لوگ ہیں جو جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے آراستہ فیکٹریاں قائم کریں گے ۔