ضلعی انتظامیہ کے زیر استعمال درجنوں گاڑیوں سے قیمتی سپیرپارٹس نکال کر کباڑ بنا دیا گیا

گاڑیوں پر فیول ،ریپئرنگ کی مد میں بوگس بلوں کے ذریعے قومی خزانے سے ہر ماہ لاکھوں روپے نکالنے کا انکشاف

بدھ 17 نومبر 2021 18:26

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2021ء) ضلعی انتظامیہ کے زیر استعمال درجنوں گاڑیوں سے قیمتی سپیرپارٹس نکال کر کباڑ بنا دیا گیا، مذکورہ کھڑی گاڑیوں پر فیول اور ریپئرنگ کی مد میں بوگس بلوں کے ذریعے قومی خزانے سے ہر ماہ لاکھوں روپے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ جنوبی وزیرستان کے زیر استعمال درجنوں سرکاری گاڑیاں ڈپٹی کمشنر کمپاونڈ کے اندر اینٹوں کے بل کھڑا کرکے ان سے قیمتی سپیرپارٹس نکال کر غائب کردیئے گئے ہیں ، زرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کے زیر استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کا انچارج انتظامیہ کے ایک سو سے زائد کلریکل سٹاف ہونے کے باوجود ایک پرائیویٹ شخص سید بادشاہ جوکہ سٹنو ٹو ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ کے والد ہیں کو مقرر کررکھا ہے، جو متعلقہ گاڑیوں پر ریپئیرنگ اور فیول کے مد میں بوگس بلوں کے ذریعے ماہانہ لاکھوں روپے قومی خزانے سے نکال کر ہڑپ کررہے ہیں، دریں اثناء سرکردہ قبائلی رہنما ملک اے ڈی محسود نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں اندھیر نگری اور چھوپٹ راج ہے، ضلعی انتظامیہ کی لوٹ مار کی داستانیں شرمناک حد تک پہنچ گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایگری پارک وانا، سروے میں جاری لوٹ مار، اور ڈپٹی کمشنر کے سرکاری اکاؤنٹ سے بوگس بلوں کے ذریعے نکالی گئی کروڑوں روپے کی غیر جانبدارنہ تحقیقات کرکے قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو احتساب کے شکنجے میں لایا جائے، انھوں نے وزیر اعلی کا کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں جنوبی وزیرستان سے کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کی ابتداء کی جائے۔

متعلقہ عنوان :